قومی کھیل کودرست ٹریک پرلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکام کا سلسلہ جاری ہے، ہیڈ کوچ خواجہ جنید

میاں اصغر سلیمی / ویب ڈیسک  ہفتہ 21 دسمبر 2019
کوئی جانب داری نہیں ہوگی، جو بھی اچھا کھلاڑی ہوگا وہ ٹیم کا حصہ ہوگا، چیف سلیکٹر فوٹوفائل

کوئی جانب داری نہیں ہوگی، جو بھی اچھا کھلاڑی ہوگا وہ ٹیم کا حصہ ہوگا، چیف سلیکٹر فوٹوفائل

لاہور: ہاکی چیف کوچ اولمپئن خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کسی اچھے کھلاڑی سے زیادتی نہیں ہو گی، فیڈریشن صدر اور سیکرٹری کی ہدایت کے بعد گراس روٹ لیول پر کام شروع کر دیا ہے، مستقبل میں نیشنل سطح کے مختلف ٹورنامنٹس کروائے جائیں گے۔

پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ منظور جونیئر کے مطابق میرٹ اور سلیکشن میں کوئی جانب داری نہیں ہوگی، جو بھی اچھا کھلاڑی ہوگا وہ ٹیم کا حصہ ہوگا۔میڈیا سے بات چیت میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کو درست ٹریک پر لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کا سلسلہ جاری ہے۔ سال 2020 میں اس کام میں مزید بہتری اور تیزی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایسی کھیپ تیار کی جائے گی جو انٹرنیشنل سطح پر اپنے کھیل کے ذریعے ملک وقوم کا نام روش کر سکیں۔ اس موقع پر چیف سلیکٹر منظور جونیئر کا کھلاڑیوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کی تاریخ فتوحات سے بھری ہوئی ہے۔ ہم سب کو دن رات محنت کر کے قومی کھیل کا کھویا ہوا مقام واپس لانا ہوگا۔

اولمپئن منظور جونیئر نے نوجوان کھلاڑیوں کو تنبیہ کی کہ وہ پریکٹس کے ٹائم سے 2 گھنٹے پہلے گراؤنڈ میں آیا کریں اور انفرادی سطح پر بھرپور محنت کریں۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو پاکستان ہاکی کے سنہری دور کے کئی واقعات بھی سنائے اور نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو پاکستان ہاکی کے سنہری دور کو واپس لانے کے لئے سخت محنت کی تلقین کی۔

چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے صرف ہاکی آتی ہے سیاست نہیں آتی، میرٹ اور سلیکشن میں کوئی جانب داری نہیں ہوگی، جو بھی اچھا کھلاڑی ہوگا وہ ٹیم کا حصہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔