سیریز میں کامیابی بنگلہ دیش نے کیویز سے فاصلہ کم کرلیا

بھارت نے آسٹریلیا پر 3-2 سے فتح حاصل کرکے اپنی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کرلی


Sports Desk November 04, 2013
نیوزی لینڈ کو ہرا کر ایک روزہ رینکنگ میں بنگلہ دیش کےریٹنگ پوائنٹس کی تعداد اب 83 ہوگئی ہے ۔فوٹو: فائل

بنگلہ دیشی ٹیم رینکنگ میں بھی ترقی کی سیڑھیاں چڑھنے کو تیار ہے، کلین سوئپ فتح کے بعد بنگال ٹائیگرز کا آٹھویں نمبر پر موجود کیویز سے فاصلہ صرف ایک پوائنٹ کا رہ گیا۔

بھارت نے آسٹریلیا پر فتح حاصل کرکے اپنی ٹاپ پوزیشن مزید بہتر بنالی، پاکستان کی بدستور چھٹی پوزیشن ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ نئی ٹیم رینکنگ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کا کارنامہ انجام دیا جس کا براہ راست فائدہ اسے ایک روزہ رینکنگ میں بھی پہنچا جہاں پر اس کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد اب 83 ہوگئی ہے جبکہ آٹھویں نمبر پر موجود کیویز سے صرف ایک پوائنٹ کم ہے، اس طرح بنگال ٹائیگرز اب رینکنگ میں نویں پوزیشن سے اوپر ترقی کے منازل طے کرنے کے لیے تیار ہیں، ساتویں نمبرپر موجود ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس کی تعداد 89 ہے جبکہ پاکستان بدستور چھٹے نمبر پر 101 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔



گرین شرٹس پروٹیز کے خلاف کامیابی سے اپنی رینکنگ بہتر بناسکتے ہیں۔ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 7 ون ڈے میچز کی سیریز میں 3-2 سے کامیابی حاصل کی ہے، اس طرح اس کی ٹاپ پوزیشن خطرے سے باہر ہوچکی ہے وہ اس وقت 123 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر 114 پوائنٹس لیے آسٹریلیا موجود ہے جس کے پاس نمبر ون پوزیشن پانے کا چانس موجود تھا مگر اس کے لیے اسے بھارت کو 6-1 سے شکست دینے کی ضرورت تھی تاہم دو میچز بارش کی نذرہوگئے تھے جبکہ باقی تین میں اسے شکست کا سامنا رہا۔ انگلینڈ اور سری لنکا دونوں کے پوائنٹس 111 ہی ہیں مگر عشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے انگلش ٹیم نے تیسرا نمبر سنبھال رکھا ہے۔ جنوبی افریقہ 105 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔ 10 واں نمبر زمبابوے کے پاس ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 55 ہے، آئرلینڈ گیارہویں، نیدرلینڈز 12 ویں اور کینیا 13 ویں نمبر پر موجود ہے۔