پریذیڈنٹ ٹرافی پی ٹی وی نے پورٹ قاسم کو ٹھکانے لگادیا

سرکاری نشریاتی ادارہ 4وکٹ سے فتحیاب، زیڈ ٹی بی ایل نے سوئی ناردرن کو 93 رنز سے ہرادیا، بلاول بھٹی کی سنچری رائیگاں


Sports Desk November 04, 2013
ملتان نے کوئٹہ کو اننگز اور 6 رنز سے مات دی، پشاور اور سیالکوٹ کا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ فوٹو:فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں پی ٹی وی نے پورٹ قاسم کو ٹھکانے لگادیا، سرکاری ٹی وی نے 4وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔

زیڈ ٹی بی ایل نے سوئی ناردرن کو 93رنز سے ہرادیا، 367 کا تعاقب کرنے والی ٹیم 273 پر آئوٹ ہوگئی، بلاول بھٹی کی سنچری رائیگاں گئی، فاتح ٹیم کے عمران خان نے 7وکٹیں اپنے نام کیں،یوبی ایل نے واپڈا کو 176رنز سے زیر کرلیا، فاتح ٹیم کے عابد علی 101 رنز اسکور کیے، 302 کا مشکل ہدف پانے والی واپڈا کی ہمت 125 پرجواب دے گئی،پی آئی اے اور حبیب بینک کا مقابلہ ہارجیت کے بغیر ختم ہوا، اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔قائداعظم ٹرافی میچز میں راولپنڈی نے ایبٹ آباد کو 8 وکٹ سے شکست دے دی، ریحان آفریدی کی ناقابل شکست سنچری ٹیم کے کام نہ آسکی، لاہور شالیمار نے فیصل آباد کو 7 وکٹ سے شکست دے دی، ملتان نے کوئٹہ کو اننگز اور 6 رنز سے مات دی، پشاور اور سیالکوٹ کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، اسلام آباد اور کراچی وائٹس کی معرکہ آرائی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوپائی۔

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میچز میں پی ٹی وی نے پورٹ قاسم کو 4 وکٹ سے شکست دے دی، سرکاری ٹی وی نے فتح کیلیے درکار 178 رنز چھ وکٹ پر 181رنز کی صورت حاصل کرلیے، نعیم انجم نے 49 کی فتح گر اننگز کھیلی، فہد الحق40 اورعمران علی28رنز بنانے میں کامیاب رہے، محمد طلحہ نے 3 اور محمد سمیع نے2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔زیڈ ٹی بی ایل نے سوئی ناردرن کو 93رنز سے ہرادیا، پہلی باری میں 80 پر ڈھیر ہونے والی ٹیم 367 کا ہدف پانے والی ٹیم 273 پر آئوٹ ہوگئی، بلاول بھٹی کی سنچری رائیگاں گئی، انھوں نے 162 گیندوں پر 106رنز اسکور کیے، عمران خان نے 7وکٹیں لیکر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یوبی ایل نے واپڈا کو 176رنز سے ہرادیا، 59رنز کی برتری رکھنے والی فاتح ٹیم نے دوسری باری چھ وکٹ پر 242رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کی، عابد علی 101 جبکہ خاقان ارسل 70رنز کے ساتھ اہم رہے، خالد عثمان نے 3 وکٹیں لیں ، 302 کا مشکل ہدف پانے والی واپڈا کی بساط 125 پر لپیٹ دی گئی، طارق ہارون اور رومان رئیس نے 3 جبکہ پرنس عباس نے 2 کھلاڑیوں کو قابو کیا، عامرسجاد کے 64رنز ٹیم کو شکست سے بچانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئے۔پی آئی اے اور حبیب بینک کا مقابلہ ہارجیت کے بغیر ختم ہوگیا، قومی ایئرلائنز کے 343 رنز کے حبیب بینک نے جوابی اننگز میں 411 کا مجموعہ ترتیب دیا، شان مسعود نے 140 رنز بنانے کیلیے 296 گیندوں کا سامنا کیا، رمیز عزیز74رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، کامران ساجد نے 3 جبکہ اختر وحید اور شعیب ملک نے 2،2 شکار کیے۔



اسٹیٹ بینک اور کے آر ایل کا میچ بھی ڈرا ہوگیا، اسٹیٹ بینک کے 420رنز کے جواب میں خان ریسرچ لیبارٹریز نے 481 کا مجموعہ ترتیب دیا، علی خان 187 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، محمد نوید نے 5 جبکہ حسن محمود نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، قومی بینک نے دوسری باری میں 5 وکٹ پر 199رنز بنائے، عمیرخان97رنز پر میدان بدر ہوگئے، راحیل مجید نے 40 کی اننگز کھیلی ، نیر عباس نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔دوسری جانب قائداعظم ٹرافی میچز میں راولپنڈی نے ایبٹ آباد کو 8 وکٹ سے شکست دے دی، ایبٹ آباد کی ٹیم دوسری باری میں 274رنز پر آئوٹ ہوگئی، ریحان آفریدی 104 پر ناقابل شکست رہے، حسیب اعظم نے 4 کھلاڑیوں کو قابو کیا، 213 رنز کی برتری رکھنے والی راولپنڈی کی ٹیم کو فتح کیلیے محض62 کا ہدف ملا، جو اس نے 18اوورز میں دو وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، نوید ملک نے 32رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

لاہور شالیمار نے فیصل آباد کو 7 وکٹ سے ٹھکانے لگادیا، فیصل آباد کی ٹیم دوسری باری میں 130رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد عرفان نے 5 وکٹوں کیلیے 30رنز دیے، جبکہ وقار احمد اور محمد بلاول کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں، پہلی باری میں چھ رنز کی برتری رکھنے والی لاہور شالیمار نے فتح کیلیے درکار 125رنز محض تین پلیئرز کے نقصان پر بنالیے، عمران بٹ نے 107 گیندوں پر 74 کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ ارسلان باجوہ کے 32رنز بھی نمایاں رہے۔ملتان نے کوئٹہ کو اننگز اور 6رنز سے مات دے دی، 179رنزکے خسارے سے دوچار وادی بولان کی ٹیم دوسری کاوش میں 74.4 اوورز میں 173رنز پر ہمت ہارگئی، ٹیم کی تین اختتامی وکٹیں گذشتہ دن کے ٹوٹل 157 میں 16رنز کا اضافہ ممکن بناسکیں، محمد رمیض نے 4 پلیئرز کو قابو کیا جبکہ حاذق حبیب اللہ نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پشاور اور سیالکوٹ کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، پہلی باری میں 43 رنز کی برتری پانے والی سیالکوٹ کی ٹیم نے کھیل ختم ہونے تک دوسری باری میں تمام وکٹوں پر 276 رنز اسکور کیے، نوید سرور94 اور حافظ ماجد جہانگیر86 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سجاد احمد نے 86رنز کے عوض6 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ آفاق احمد نے52 رنز کے عوض تین وکٹیں اپنے نام کیں۔اسلام آباد اور کراچی وائٹس کی معرکہ آرائی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوپائی، کراچی وائٹس کی دوسری باری 251 پر تمام ہوئی، سعد علی 118 پر ناٹ آئوٹ رہے، شہزاد رانا اور عماد وسیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، کامیابی کیلیے 287 کا ہدف پانے والی اسلام آباد کی ٹیم نے کھیل ختم ہونے تک 5وکٹ پر 131رنز جوڑے، فیضان ریاض84 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، میر حمزہ نے 2 شکار کیے۔