کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے نیٹو کے 2 آئل ٹینکرز کو آگ لگا دی

واقعہ میں ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہو گیا جسےعلاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔


AFP November 04, 2013
کوئٹہ کے جنوب مشرقی علاقے بالا ناری میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد نے 2 نیٹو آئیل ٹینکرز کو آگ لگا دی۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

بالا ناڑی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے 2 نیٹو آئل ٹینکرز کو نذر آتش کر دیا جبکہ واقعہ میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز کراچی سے افغانستان جا رہے تھے کہ کوئٹہ کے جنوب مشرقی علاقے بالا ناری میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد نے 2 نیٹو آئل ٹینکرز کو آگ لگا دی، واقعہ میں ایک ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہو گیا جسے علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

نیٹو ٹینکرز کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی ذمہ داری طالبان یا کسی اور گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی لیکن طالبان کی جانب سے نیٹو سپلائی کو معطل کرنے کے لئے ایسے حملوں کی دھمکی ضرور دی جا چکی ہے۔