تحریک انصاف میڈیا کے ذریعے پروجیکشن کرتی ہے شمسہ گوہر

اس بار چار کروڑ نوجوان ووٹر مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ملیحہ ہاشمی، پروگرام تکرار میں گفتگو۔


Monitoring Desk September 03, 2012
اس بار چار کروڑ نوجوان ووٹر مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ملیحہ ہاشمی، پروگرام تکرار میں گفتگو. فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی رہنما شمسہ گوہر نے کہاہے کہ تحریک انصاف کو تنقید کے لیے ایک ہی پارٹی مسلم لیگ ن ملی ہوئی ہے۔

ایم کیو ایم کے خلاف تو برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر نہیں کر سکے۔تحریک انصاف میڈیا پارٹی ہے اور میڈیا کے ذریعے پروجیکشن کرتی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار کے میزبان عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں سے صرف پنجاب توانائی بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما فائزہ ملک نے کہا کہ کرپشن حکمرانوں کی نہیں بلکہ عوام کی وجہ سے ہے جو چھوٹے سے چھوٹا کام کرانے کے لیے بھی رشوت دیتی ہے۔

تحریک انصاف انقلاب لانے کا دعوی کرتی ہے پرانے چہرے نئے انقلاب کیسے آئے گا۔ سونامی تو تباہی لاتا ہے۔مسلم لیگ ق کی رہنما ثمینہ خاور حیات نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن آئین میں ہونے والی ترامیم میں ہمارا ساتھ دے سکتی ہے تو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے چوہدری شجاعت کے فارمولے پر عمل کے لیے ہمارا ساتھ کیوں نہیں دیتی۔ نواز شریف جنرل غلام جیلانی کی پیداوار ہیں۔ صرف تخت لاہور میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

پاکستان تحریک اانصاف کی رہنما ملیحہ ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 8 کروڑ 41 لاکھ ووٹ رجسڑ ہوئے ہیں ان میں سے چار کروڑ ووٹ نوجوانوں کے ہیں، یہی نوجوان اس بار ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ میں نے قانوں پڑھا ہے ایک ذہنی مریض اپنا کاروبار نہیں کر سکتا۔ یہاں ایک ذہنی مریض کو ملک کا صدر بنا دیا گیا ہے۔