ہیم ٹیکسٹائل ایکسپومیں 222 پاکستانی کمپنیاں شریک ہونگی

متعددکمپنیاں ویٹنگ پربھی ہیں،ٹی ڈی اے پی پاکستان پویلین قائم کرے گی، عمرصلاح الدین


Ehtisham Mufti November 07, 2013
متعددکمپنیاں ویٹنگ پربھی ہیں،ٹی ڈی اے پی پاکستان پویلین قائم کرے گی، عمرصلاح الدین. فوٹو: فائل

لاہور: شعبہ ٹیکسٹائل میں دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نمائش ''ہیم ٹیکسٹائل'' میں پاکستان ایک سرفہرست شرکت کنندہ ملک بن گیا ہے،پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے کامیاب برآمدی معاہدوں کا انحصار بھی ہیم ٹیکسٹائل ایکسپو پر بڑھتا جا رہا ہے۔

جس میں زیادہ دلچسپی کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے مقامی انڈسٹری دنیا بھر سے سال بھر کیلیے برآمدی آرڈرز حاصل کرتی ہے۔ پاکستان میں میسے فرینکفرٹ کے نمائندے اور ڈائریکٹر عمرصلاح الدین نے بتایا کہ ہیم ٹیکسٹائل ایکسپو 2014 میں پاکستان کی222 کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جس میں ایکسپورٹر، مینوفیکچررز، ریٹیلرز اور ڈیزائنرز کے علاوہ ہوم ٹیکسٹائل، ٹاولز سمیت دیگرٹیکسٹائل مصنوعات کے بڑے مینوفیکچررز شامل ہیں، میسے فرینکفرٹ کے تحت جرمنی میں ہونے والی اس چار روزہ ایکسپوکا آغاز8 سے 11 جنوری2014 تک ہوگا، 2013 میں ہونیوالی ہیم ٹیکس ایکسپو میں 62 ممالک کی 2158 کمپنیوں نے شرکت کی جبکہ129 ممالک کے 66ہزار وزٹرز نے تجارتی وبرآمدی معاہدوں کیلیے اس نمائش کا دورہ کیا۔



عمرصلاح الدین نے بتایا کہ ہیم ٹیکس ایکسپو میں ٹی ڈی اے پی نے پاکستان کا ایک علیحدہ پویلین قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور ٹی ڈی اے پی 45 پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں کے ساتھ نمائش میں حصہ لے گی جو ہال10.0C29 ،D.23 ،D.40 ، 103.D-31 ہالز میں اپنے اسٹالز لگائیں گی جبکہ ستارہ، گل احمد، یونس ٹیکسٹائل سمیت دیگرپاکستانی کمپنیاں کے اسٹالز نمائش گاہ کے ہال نمبر 10 کے لیول4 میں لگائے جائیں گے۔ عمرصلاح الدین نے بتایا کہ ہیم ٹیکسٹائل ایکسپو2014 کے تمام اسٹالز پہلے ہی بک ہوچکے ہیں۔

جس کی وجہ سے ایکسپو میں شرکت کی خواہشمند بیشترپاکستانی کمپنیاں ویٹنگ لسٹ پر آ گئی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رواں سال کی نمائش بھی پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹر کیلیے انتہائی کامیاب ثابت ہوگی۔ میسے فرینکفرٹ کے وائس پریزیڈنٹ ٹیکسٹائل اینڈ ٹیکسٹائل ٹیکنیکل اولف شمٹ نے بتایا کہ ہیم ٹیکس ایکسپو میں پہلی بار کارپٹ کے اسٹالز بھی لگائے جارہے ہیں۔

مقبول خبریں