ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گئی روہت نے بھارتی بیٹنگ کو سنبھال لیا

ایشون کو تھری فیگر اننگز کی تکمیل کیلیے8 رنز درکار،شین شلنگفورڈکی4 وکٹیں


Sports Desk November 08, 2013
کولکتہ ٹیسٹ :بھارتی بیٹسمین روہت شرما کا لیگ سائیڈ کی جانب شاٹ، انھوں نے ڈیبیو پر سنچری بنائی۔ فوٹو: بی سی سی آئی

ٹاپ آرڈر کے لڑکھڑانے پر روہت شرما نے بھارتی بیٹنگ کو سنبھال لیا، ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری جڑنے والے بھارت کے 14 ویں کرکٹر بن گئے۔

میزبان سائیڈ نے 6 وکٹ پر 354 رنز اسکور کرلیے، 120 رنز کی برتری بھی حاصل ہوگئی، روہت127پر ناقابل شکست رہے، روی چندر ایشون کو اپنی دوسری سنچری کی تکمیل کیلیے مزید 8 رنز درکار ہیں، شین شلنگفورڈ نے 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز سے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹاپ آرڈر زیادہ دیر تک ویسٹ انڈین اسپنر شین شلنگفورڈ کے حملے برداشت نہیں کرسکا، پلیئرز ایک کے بعد ایک پویلین کا رخ اختیار کرتے رہے۔ شیکھر دھون کو 23 رنز پر شلنگفورڈ نے بولڈ کیا، مرلی وجے 26 رنز بنانے کے بعد شلنگفورڈ کی سلو ڈلیوری کو کھیلنے کیلیے کافی آگے نکل آئے، وکٹ کیپر رامدین نے اسٹمپڈ کرنے میں کوئی دیر نہیں کی، چتیشوار پجارا کو 17 رنز پر کوٹریل نے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنایا۔



کیچ رامدین نے تھاما، سچن ٹنڈولکر صرف 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں شلنگفورڈ نے ایل بی ڈبلیو کیا، ان کی رخصتی کے بعد میدان روہت شرما نے سنبھالا جو آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے میں 158 بالز پر 209 رنز بنانے کا کارنامہ انجام دے چکے تھے، انھوں نے ڈیبیو میچ کے باوجود ٹیسٹ ضروریات سے اپنی آگاہی کا ثبوت دیا، کٹ شاٹس اور ہٹنگ کے بجائے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے باہر جانے والی کئی گیندوں کو چھوڑا،13 بالز بعد انھوں نے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا رن لیا، اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود ویرت کوہلی کو شلنگفورڈ نے صرف 3 رنز پر پاول کا کیچ بنادیا۔ شرما نے پہلے کپتان دھونی کے ہمراہ 73 رنز کی شراکت کی، دھونی 42 رنز پر ٹینو بیسٹ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، اب شرما نے ایشون کے ہمراہ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا، ایشون نے بھی آل رائونڈ صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا، دوسرے دن کے اختتام تک دونوں کے درمیان 198 رنز کی شراکت بن چکی جس سے ان کی ٹیم کو ویسٹ انڈیز پر 120 رنز کی برتری بھی مل گئی، شرما 127 اور ایشون 92 رنز پر کھیل رہے ہیں۔