مشرق وسطیٰ کی صورتحال؛ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو امریکی وزیردفاع کا فون

ویب ڈیسک  بدھ 8 جنوری 2020
خطے میں امن کیلئے ہرقسم کی کاوش کی حمایت کریں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ۔ فوٹو:فائل

خطے میں امن کیلئے ہرقسم کی کاوش کی حمایت کریں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ۔ فوٹو:فائل

راولپنڈی / واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیر ددفاع ڈاکٹرمارک ٹی ایسپر سے فون پر ایران امریکا کشیدہ صورتحال پر بات چیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو امریکی وزیردفاع ڈاکٹر مارک ٹی ایسپر نے ٹیلی فون کیا اور امریکا ایران کشیدگی و مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم سب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کرکے خطے میں قیام امن کے لئے بہت کام کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں، خطے میں امن کیلئے ہرقسم کی کاوش کی حمایت کریں گے۔

سربراہ پاک فوج نے مزید کہا کہ ہم افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے، چاہتے ہیں افغان امن عمل پٹڑی سے نہ اترے اور خطہ نئے تنازعات کی بجائے تنازعات کے حل کی طرف گامزن ہو۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایران امریکا تنازع؛ وزیراعظم کی وزیرخارجہ اور آرمی چیف کو اہم ہدایات

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیردفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ امریکا بھی جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جواب ضروری ہوا تو امریکا بھرپور قوت سے جواب دے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔