میٹرک کے ضمنی امتحانات نقل کی اطلاع پر اسکول کا سینٹر سپرنٹنڈنٹ تبدیل

ویجیلنس ٹیم کی رپورٹ پر گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول5ایف نیو کراچی کے سینٹر کنٹرول آفیسر کو بھی تبدیل کردیاگیا


Staff Reporter November 09, 2013
نقل کی شکایت کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف بورڈ کے قائدے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ نے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے موقع پر امتحانی مرکز میں غفلت اورلاپروائی برتنے اورمرکز میں کھلے عام نقل کی اطلاع پرگورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول 5ایف نیو کراچی (سفید اسکول ) کے سینٹرسپرنٹنڈنٹ کوتبدیل کردیا۔

بورڈکے اعلامیے کے مطابق امتحانی مرکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو امتحانی مرکز میں غفلت برتنے پر فوری طور پر ضا بطے کے مطابق کاروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، یہ کارروائی خصوصی ویجیلنس ٹیم کی رپورٹ پر کی گئی ہے، بورڈکے چیئرمین فصیح الدین خان نے ضمنی امتحانات میں قائم خصوصی ویجیلنس ٹیم کی رپورٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ اسکول میں ہٹائے گئے سینٹرسپرنٹنڈنٹ کی جگہ ایکسٹرنل سینٹر سپرنٹنڈنٹ بھیج دیا ہے۔



اسی طرح سینٹر کنٹرول آفیسر کو تبدیل کردیاگیا ہے، چیئر مین بورڈ فصیح الدین خان نے تمام ضمنی امتحانات کے قائم امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ ، اسپیشل ویجیلنس کے افسران ، سینٹر کنٹرول افسران اور دیگر عملے کو کہا ہے کہ وہ امتحانی مرکز میں نقل کے خاتمے کیلیے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں بورڈ نے نقل کے خاتمے اور امتحانات کا شفاف طریقے سے انعقاد کرانے کے لیے تمام انتظامات کیے ہوئے ہیں، کسی بھی امتحانی مرکز سے بد نظمی اور نقل کی شکایت کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف بورڈ کے قائدے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔