قائداعظم ٹرافی کرکٹ پشاور نے راولپنڈی کو 180 رنز پر ٹھکانے لگا دیا

جوابی اننگز میں65 پر1پلیئر آؤٹ، لاہور کیخلاف کراچی بلوز نے8 وکٹ پر 284 رنزبنالیے


Sports Desk November 09, 2013
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ میں حبیب بینک کیخلاف کے آر ایل نے چار وکٹ پر 220 رنز بنا لیے، فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی میں تیسرے رائونڈ کے پہلے دن پشاور نے راولپنڈی کو 180 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، ٹیم نے جوابی اننگز میں ایک وکٹ پر65 رنز جوڑ کر پوزیشن مستحکم کرلی۔

لاہور راوی کیخلاف میزبان کراچی بلوز نے8 وکٹ پر284 رنز بنا لیے، نصف سنچری اسکورکرنے والے فراز وکٹ پر ڈٹے ہوئے ہیں،کوئٹہ کے مقابل کراچی وائٹس نے 6 وکٹ پر 229 کا مجموعہ ترتیب دیا، حیدرآباد سے میچ میں اسلام آباد نے پہلی باری میں 7 وکٹ پر 229 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، فرحان ایوب نے 5وکٹیں لیں۔ پریذیڈنٹ ٹرافی میں حبیب بینک کیخلاف کے آر ایل نے چار وکٹ پر 220 رنز اسکور کیے، شعیب احمد منہاس سنچری سے محض8 رنز کی دوری پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پشاور کیخلاف راولپنڈی کی ٹیم پہلی باری میں 180پر آئوٹ ہوگئی، اعظم خان نے 4 اور آفاق رحیم نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، شعیب ناصر کے 38رنز نمایاں رہے، پشاور نے جوابی اننگز میں ایک وکٹ پر 65رنز جوڑ لیے، اسرار اللہ36رنز بنانے میں کامیاب رہے۔نیشنل اسٹیڈیم میں لاہور راوی کیخلاف میزبان کراچی بلوز نے 284رنز پر8 وکٹیں گنوا دیں۔



فراز احمد خان50رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، منصور امجد49، اشرف علی44 اور عبدالجبار38رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلاول اقبال اور علیم یوسف نے 3،3 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے،کوئٹہ کے مقابل کراچی وائٹس نے 6 وکٹ پر 229 کا مجموعہ ترتیب دیا، آصف ذاکر 85 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، واجد علی نے 43 کی اننگز کھیلی، فیض اللہ نے 3وکٹیں لیں۔ لاہور شالیمار کیخلاف ملتان نے 11.1 اوورز کے ممکنہ کھیل میں 34 پر 3 وکٹیں گنوا دیں، تینوں پلیئرز کو محمد بلاول نے پویلین واپس بھیجا۔حیدرآباد کیخلاف اسلام آباد نے پہلی باری میں 7 وکٹ پر 229رنز اسکور بورڈ پر سجالیے، معید شیخ نے سب سے زیادہ 58رنز بنائے، فرحان ایوب نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔سیالکوٹ کیخلاف ایبٹ آباد نے 39 اوورز میں تین وکٹ پر 106رنز بنائے،محمد علی45 پر ناٹ آئوٹ ہیں، حسن علی نے 2وکٹیں لیں۔ دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ گریڈ ون کے تیسرے رائونڈ میں پی ٹی وی کیخلاف پی آئی اے نے ایک وکٹ پر 98رنز بنائے،پہلے روز31 اوورز کا کھیل ہو سکا،کامران ساجد59رنز کے ساتھ وکٹ پرموجود ہیں، شاہزر محمد 23 رنز بناسکے۔

اسٹیٹ بینک کیخلاف نیشنل بینک نے تین وکٹ پر 149رنز اسکور بورڈ پر سجا دیے، سمیع اسلم96 گیندوں پر73رنز پر ناقابل شکست ہیں، فواد عالم35رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، کامران اکمل28رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، سعد الطاف نے 53رنز دے کر2 کھلاڑیوں کو قابو کیا۔یوبی ایل کیخلاف سوئی ناردرن گیس نے 83 اوورز کے ممکنہ کھیل میں 241 رنز پر 8 وکٹیں کھو دیں، حسن طلعت ایک رن کی کمی سے ففٹی مکمل نہیں کرپائے، بلاول بھٹی45رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، طارق ہارون نے3 جبکہ رومان رئیس اور کاشف بھٹی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔واپڈا سے میچ میں پورٹ قاسم نے 5وکٹ پر197رنز بنالیے، فرازعلی91رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد وقاص 50پر ناٹ آئوٹ ہیں، خرم منظور21 اور شاہزیب حسن8رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، اظہر عطاری نے 3 اور سرفراز احمد نے 2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔حبیب بینک کیخلاف کے آر ایل نے چار وکٹ پر 220 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، شعیب احمد منہاس سنچری کی راہ پر گامزن اور 92 رنز پر ناقابل شکست ہیں، سعید انور جونیئر58 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، کامران حسین نے 2 وکٹیں لیں۔