قائداعظم ٹرافی کرکٹ کراچی کی دونوں ٹیموں نے فتوحات سمیٹ لیں

وائٹس لاہور راوی کو دن میں2بارآؤٹ کرکے اننگز اور107رنز سے کامیاب، بلوز نے کوئٹہ کواننگز اور140رنز سے زیرکیا


Sports Desk November 10, 2013
پریذیڈنٹ کپ میں پی آئی اے کے کامران ساجد نے 148 کی اننگز کھیلی، فیصل اقبال نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی دونوں ٹیموں نے بڑی فتوحات سمیٹ لیں، وائٹس نے لاہور راوی کو دن میں2 مرتبہ آئوٹ کرکے اننگز اور 107رنز سے کامیابی پائی۔

زوہیب شیرا نے 10 شکار کیے، بلوز نے کوئٹہ کیخلاف اننگز اور 140رنز سے فتح پائی،میر حمزہ بھی مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کرنے میں کامیاب رہے، لاہور شالیمار کے محمد بلاول کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ملتان کی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی، انھوں نے 33رنز کے بدلے 7 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا،دوسری جانب پریذیڈنٹ کپ ٹرافی میچز کے دوسرے دن پی ٹی وی کیخلاف پی آئی اے کے کامران ساجد نے 148کی اننگز کھیلی، فیصل اقبال نروس نائنٹیز کا شکار بن گئے،نیشنل بینک کیخلاف اسٹیٹ بینک کی ٹیم شدید مشکلات میں گھرگئی، سمیع اسلم 191اور کامران اکمل162رنزبنانے میں کامیاب رہے، حریف ٹیم 39 پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میچز کے دوسرے دن کراچی بلوز نے لاہور راوی کو دن میں 2 بار آئوٹ کرکے اننگز اور107رنز سے فتح پا لی، کامیاب سائیڈ ابتدائی روزکے اسکور 284 میں محض ایک رن کے اضافے سے بقیہ دونوں وکٹیں گنوابیٹھی، بلاول اقبال نے4 اور علیم یوسف نے3 وکٹیں لیں، لاہور راوی پہلی باری میں 115 پر ہمت ہارکر فالوآن سے دوچار ہوئی، جہانگیرمرزا نے 55رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی،زوہیب شیرا نے36 رنز دے کر5 جبکہ راجیش رمیش نے 32 رنز کے بدلے3 وکٹوں کا سودا کیا، دوسری اننگز میں راوی کی ٹیم63 پر ڈھیر ہو گئی، شیرا نے33 رنزدے کر5 وکٹیں لیں، وقار انورنے4 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔کراچی وائٹس نے کوئٹہ کو اننگز اور 140رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم کے 250رنزکے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم پہلی باری میں 45 اوردوسری میں 65 پر حوصلہ ہارگئی، بلوز کیلیے میر حمزہ نے دونوں بار5،5 شکار کیے، دوسری اننگز میں تین وکٹیں لینے والے شاہ زیب احمد نے مجموعی طور پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔



محمد بلاول کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ملتان کی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی، انھوں نے 33رنز کے بدلے 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد سعید نے تین کھلاڑیوں کا قصہ تمام کیا، احد رضا21 اور کاشف نوید 19 رنز بناکر نمایاں رہے،لاہور شالیمار نے جواب میں 8 وکٹ پر 202 رنز بناکر پوزیشن کو مستحکم بنالیا، آغا سلمان نے48 اور محمد سعید نے39رنز ناٹ آئوٹ اسکورکیے، حاذق حبیب اللہ نے 3 وکٹیں لیں۔سیالکوٹ کیخلاف ایبٹ آباد نے 7 وکٹ پر 430 رنز بنائے، محمد علی133 کی اننگز کھیلنے میں سرخرو ہوئے جبکہ کامران غلام 129 پر ناٹ آئوٹ رہے، حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔63 رنز کے خسارے میں جانے والی راولپنڈی کی ٹیم نے دوسری باری میں بغیر کسی نقصان کے 59 رنز بنالیے، پشاور کی برتری اب محض4رنز باقی رہ گئی، راولپنڈی کے 180رنز کے جواب میں پشاور نے 243رنز جوڑے، افتخار احمد92 پر ناقابل شکست رہے، ناصر ملک نے 4 اور اختر ایوب نے3 پلیئرز کو قابو کیا۔

اسلام آباد کے 313رنز کے جواب میں حیدرآباد نے 2 وکٹ پر147رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، میر دریا تالپور 72 پر ناٹ آئوٹ ہیں جبکہ ذیشان گل 50رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔دوسری جانب پریذیڈنٹ کپ میچزکے دوسرے دن پی ٹی وی کیخلاف پی آئی اے کی ٹیم 382رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کامران ساجد نے 148رنز کی اننگز کھیلی، فیصل اقبال نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، انھوں نے 93 گیندوں پر 96 رنز اسکور کیے، محمد علی بھٹہ نے79رنز کے عوض5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، زوہیب احمد نے 68رنز کے عوض3 شکار کیے، حریف ٹیم نے دن کے اختتام پر جوابی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنائے۔نیشنل بینک کیخلاف اسٹیٹ بینک کی ٹیم شدید مشکلات میں گھرگئی، این بی پی نے پہلی اننگز 5 وکٹ 435 پر ڈیکلیئرڈکی، سمیع اسلم 191 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کامران اکمل نے 162رنزاسکور کیے، فیصل یاسین نے 3 اور سعد الطاف نے2 وکٹیں لیں، جواب میں 39 رنزپر اسٹیٹ بینک کے 5 کھلاڑی میدان بدرہوگئے۔

عطااللہ نے 13رنز کے عوض3 وکٹیں لیں، یوبی ایل کیخلاف سوئی ناردرن گیس نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 23رنز بناکر مجموعی سبقت کو 91رنز تک پہنچا دیا، اس سے قبل سوئی ناردرن کے پہلی اننگز کے ٹوٹل 279 کے جواب میں یوبی ایل کی ٹیم 217رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، علی اسدنے 5 جبکہ عمران علی نے 3 وکٹیں لیں۔پورٹ قاسم کے273 رنز کے جواب میں واپڈا نے170 پر 7 وکٹیں گنوادیں، عدنان رئیس 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد طلحہٰ نے 4 اور محمد سمیع نے 3 کھلاڑیوں کو قابو کیا، قبل ازیں پورٹ قاسم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کو 197-5 سے شروع کیا، اختتامی پانچ پلیئرز مجموعے میں 76 رنز کا اضافہ ممکن بناکر پویلین لوٹ گئے، محمد وقاص نے 76 کی اننگز کھیلی، اظہر عطاری نے 6وکٹیں اپنے نام کیں۔کے آر ایل کے 307رنزکے جواب میں حبیب بینک کی ٹیم 85 پر 4 وکٹیں کھوبیٹھی، عمران فرحت 31رنز بناکر نمایاں رہے، یاسر عرفات نے 2 وکٹیں لیں۔