رواں سال ٹی 20 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ناقابل شکست

پانچوں میچز جیتے، پروٹیز پر بھی سبقت،حفیظ کا زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں تیسرا نمبر


Sports Desk November 13, 2013
احمد شہزاد کو 2013 کا سب سے کامیاب بیٹسمین بننے کیلیے محض ایک رن کی ضرورت۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

رواں سال ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ناقابل شکست اور اپنے پانچوں میچز جیت چکی ہے، اس نے جنوبی افریقہ کو ایک جبکہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کو 2،2بار زیر کیا۔

کپتان محمد حفیظ 8کی اوسط سے10 وکٹیں لے کر تیسرے کامیاب بولر بنے، ان سے آگے ڈیرن بیچ انگلینڈ(13) اور نگوچی (کینیا) 11 وکٹ ہیں۔ پاکستان کو اپنے پسندیدہ فارمیٹ ٹوئنٹی20 میں جنوبی افریقہ پر فوقیت حاصل ہے، اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان8میچز ہو چکے، ان میں 4گرین شرٹس اور3پروٹیز نے جیتے، ایک مقابلہ غیر فیصلہ کن رہا، دبئی کرکٹ گرائونڈ میں پاکستان مختصر طرز کا 10 واں میچ کھیلے گا، ان میں 6 میں فتح نصیب ہوئی،3 میں شکست ملی جبکہ ایک ٹائی ہوا، اس مقابلے کا نتیجہ الیمنیٹر اوور میں آسٹریلیا کے حق میں برآمد ہوا تھا، جنوبی افریقی ٹیم پہلی بار دبئی میں کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔



دوسری جانب پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کو رواں برس مختصر طرز کا سب سے کامیاب بیٹسمین بننے کیلیے محض ایک رن کی ضرورت ہے، وہ اب تک65.25کی اوسط سے 261 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، سرفہرست آسٹریلوی اسٹار آرون فنچ نے 262رنز اسکور کیے، ان کی اوسط43.66 ہے، فنچ کو سال کی واحد سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھوں نے انگلینڈ کیخلاف 156 رنزاسکور کیے تھے، دوسری بڑی اننگز ناقابل شکست 98رنز کی صورت میں احمد شہزاد نے زمبابوے کیخلاف کھیلی۔