ساتویں محرم کو قدیمی جماعتی ماتمی جلوس ٹنڈو میر محمود سے برآمد

ہزاروں عزاداروں کی شرکت، سخت حفاظتی انتظامات، رینجرز کے ساتھ کمانڈوز بھی تعینات


Numainda Express November 13, 2013
جلوس کی سکیورٹی کے لیے 50 پولیس کمانڈوز کے علاوہ 5 سو سے زائد پولیس اوررینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

حیدرآباد میں ایک صدی سے زائد ساتویں محرم الحرام قدیمی جماعتی ماتمی جلوس ٹنڈو میر محمود سے منگل کی شب برآمد ہوا۔

جو 24 گھنٹے بعد اپنے آغاز کے مقام پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔ جماعتیوں کے جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں جب کہ جلوس میں حضرت قاسم کی سیج اور جھولا حضرت علی اصغر کی زیارتوں کے علاوہ علم حضرت غازی عباس اور50 سے زائد ذوالجناح بھی شامل ہیں۔



جماعتیوں کا جلوس خاص سندھی روایات کا حامل ہے، جس کے دوران عزادار پیپاڑی بجا کر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے اور مسلسل یاحسین کے نعرے لگا کر مخصوص انداز میں سر کا ماتم کرتے ہیں۔ ماتمی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ،50 پولیس کمانڈوز کے علاوہ 5 سو سے زائد پولیس اوررینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہ کے راستوں کو خاردار تار لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔