بچے نے مٹی کے کوالا بیچ کر آسٹریلوی جانور کے لیے لاکھوں ڈالر جمع کرلیے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جنوری 2020
امریکی بچے اون کولی نے مٹی سے بنے کوالا فروخت کرکے آسٹریلوی جانوروں کے لیے کروڑوں روپے جمع کرلیے ہیں (فوٹو: گوفنڈ می)

امریکی بچے اون کولی نے مٹی سے بنے کوالا فروخت کرکے آسٹریلوی جانوروں کے لیے کروڑوں روپے جمع کرلیے ہیں (فوٹو: گوفنڈ می)

میسا چیوسیٹس: امریکا سے تعلق رکھنے والے چھ سالہ بچے نے آسٹریلیا کی ہولناک آگ سے متاثر قدرتی ماحول اور جانوروں کے لیے ایک مہم شروع کردی۔ اس مہم میں وہ گارے سے بنے کوالا بنا کر فروخت کررہا ہے ۔ اس کے جذبے کو دیکھ کر صرف 10 روز میں پوری دنیا سے اسے ڈھائی لاکھ ڈالر کے آرڈر ملے ہیں جو پاکستانی روپوں میں پونے چار کروڑ روپے کے برابر ہیں۔

اون کولی چار منٹ میں ایک کوالا بنالیتا ہے اور اسے سیاہ، سفید اور بھورا رنگ دیتا ہے۔ ہر فروخت ہونے والے کوالا سے ایک خاص رقم آسٹریلیا کی وائلڈ لائف ساؤتھ کوسٹ ریسکیو کو دی جائے گی۔

اون کولی کے والدین نے اپنے انسٹا گرام پر لڑکے کا پیغام شیئر کیا کہ وہ کوالا بیچ کر ایک ہزار ڈالرجمع کرکے یہ رقم جانوروں کی فلاح کے لیے دینا چاہتا ہے۔ بچے کی دادی نے مقامی اخبار میں بھی اس کی خبر دی تھی۔

اس کے بعد انٹرنیٹ پر چندے کے ایک پلیٹ فارم گو فنڈ پر یہی مہم چلائی گئی اورعطیات کا تخمینہ 5 ہزار ڈالر لگایا گیا۔ اس کے بعد یہ مہم تیزی سے مشہور ہوئی اور لوگوں نے اس پر مثبت ردِ عمل دیا۔ اس طرح دھڑا دھڑ کوالا کے آرڈر ملنے لگے اور اب انہیں 3000 مٹی کے کھلونوں کے آرڈر پورے کرنے ہیں۔

لوگوں نے بچے کے جذبے کی داد دیتے ہوئے دل کھول کر کوالا خریدے ہیں۔ آخری اطلاعات تک گو فنڈ می پر دو لاکھ 71 ہزار ڈالر کے عطیات جمع ہوچکے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔