الکرم اسکوائر میں آتشزدگی سے14 دکانیں تباہ ہوگئیں

آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، دکانداروں کالاکھوں روپے کا نقصان ہوا،پولیس


Staff Reporter November 17, 2013
3 گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیاگیا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فوٹو : پی پی آئی/فائل

لیاقت آباد الکرم اسکوائر میں آتشزدگی کے باعث پلاسٹک سے تیار کی جانے والے اشیا کی 14سے زائد دکانیں جل گئیں۔

جس کے باعث لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، الکرم اسکوائر بلاک 2 کی پہلی منزل پر قائم پلاسٹک سے تیار کی جانے والے اشیاکی دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، اطلاع ملنے پر فوری طور پر فائر بریگیڈکی2 گاڑیوں کے علاوہ پولیس ، رضا کار تنظیموں کے نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی ، فائر بریگیڈ کا عملہ فوراً ہی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگیا۔



تاہم اسی دوران آگ نے مزید شدت اختیار کر لی اور مزید دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ،فائر بریگیڈ کے عملے نے اورنگی ٹائون، سہراب گوٹھ اور گلشن قبال سمیت دیگر فائر اسٹیشنوں کی گاڑیاں اور بائوزر طلب کر لیے گئے جنہوں نے3 گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائر بریگیڈ کے اسٹیشن نمبر3کے انچارج وجاہت احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے شروع کیے جانے والے آپریشن میں فائربریگیڈ کی5گاڑیاں اور ایک بائوزر نے حصہ لیا، انھوں نے بتایا کہ جس وقت دکانوں میں آگ لگی اس وقت مارکیٹ بند تھی،فوری طور پر دکانوں میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، امکان ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ۔