شہر میں انسداد پولیو مہم 18نومبر سے شروع ہوگی سندھ میں5افراد پولیو کے مرض میں مبتلا

کراچی میں5 سال تک کے23 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک پلائی جائیگی،رضاکار تیار


Staff Reporter November 17, 2013
ملک بھرمیں 59 افراد پولیوکے مریض ہیں ، سب سے زیادہ 41 پولیوکیس فاٹا میں رپورٹ ہوئے ہیں فوٹو: فائل

کراچی میں سہ روزہ انسداد پولیومہم 18نومبر سے شروع کی جائیگی جو20نومبر تک جاری رہے گی۔

3 روزہ پولیومہم کے دوران کراچی میں 5 سال تک کے 23لاکھ بچوں کو پولیووائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک پلائی جائیگی، پولیومہم کوکامیاب بنانے کیلیے کراچی کے پانچویں اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے مائیکروپلاننگ بھی مکمل کرلی ہے اورمہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلیے تمام اقدامات کرلیے گئے ہیں، واضح رہے کہ پاکستان میں پولیوکے مزید2 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے عالمی ادارہ صحت نے تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔



قومی ادارہ صحت کے ذرائع کاکہنا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے 9ماہ کے بچے معاویہ اورایک سالہ بشری میں پولیو وائرس پایاگیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں اس سال پولیوکیسوں کی مجموعی تعداد 59ہوگئی گزشتہ سال ملک میں پولیوکے 58کیسز سامنے آئے تھے، پولیوکے سب سے زیادہ کیس فاٹا میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد41ہے جبکہ خیبر پختون خواہ میں 9پنجاب میں 5اور سندھ میں بھی5 پولیوکے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے ، شام میں 14 سال بعد پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ابتدائی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ شام میں پولیووائرس پاکستان سے آیا۔