فرانس کو فٹبال ورلڈ کپ 2014 سے اخراج کا خطرہ درپیش

ورلڈ کپ 2014 کوالیفائرز پلے آف فرسٹ لیگ میں فرانس کو یوکرین کے ہاتھوں 0-2 کی شکست کی خفت اٹھانا پڑی۔


Sports Desk/AFP November 17, 2013
ورلڈ کپ 2014 کوالیفائرز پلے آف فرسٹ لیگ میں فرانس کو یوکرین کے ہاتھوں 0-2 کی شکست کی خفت اٹھانا پڑی۔فوٹو: فائل

فرانس کو ورلڈ کپ فائنلز سے اخراج کا خطرہ درپیش ہے، یوکرین سے شکست کے بعد ایسا دو دہائیوں میں پہلی مرتبہ ہوسکتا ہے۔

لیونل میسی کی عدم موجودگی میں ایکواڈور اور ارجنٹائن کا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا، دیگر میچز میں پرتگال نے سوئیڈن کو ہرادیا، یونان نے رومانیہ کو پچھاڑ دیا جبکہ آئس لینڈ اور کروشیا کا میچ بھی 0-0 سے برابر ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2014 کوالیفائرز پلے آف فرسٹ لیگ میں جمعے کے روز فرانس کو دو دہائیوں میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز سے اخراج کا خطرہ درپیش ہے، انھیں یوکرین کے ہاتھوں 0-2 کی شکست کی خفت اٹھانا پڑی۔ رومن زوزلیا نے 61 ویں منٹ میں ہوم سائیڈ کو فوقیت دلائی جبکہ آندرائی یارمولنکوف نے گیم ختم ہونے سے 8 منٹ قبل پنالٹی اسپاٹ سے برتری کو دگنا کرتے ہوئے میچ کا فیصلہ اپنے حق میں کرلیا ۔ گیم کے اختتام سے چند منٹ پہلے آرسنل ڈیفینڈر کوسنلے کو اولیگزینڈر کوشر کے ساتھ جھگڑے کے سبب کھیل سے باہر کردیا گیا تھا، اس سے قبل یوکرینین ڈیفینڈر کو بھی دونوں ٹیموں کے مابین کھنچاؤ پیدا ہونے کے سبب برطرف کردیا گیا تھا۔

یوکرین جیت کا حقدار تھا اور انھوں نے فرانس کو کوئی بھی گول کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا، اب یوکرین اپنے دوسرے ورلڈ کپ فائنلز میں جانے کیلیے مضبوط فیورٹس قرار دیاجا سکتا ہے ۔ دریں اثنا فرانس کو حقیقتاً امریکا میں ہونیوالے1994 ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ بڑے ٹورنامنٹ کے فائنلز سے باہر رہنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے جب تک وہ آئندہ منگل کے روز ہوم گراؤنڈ پر فتح سے ہمکنار نہیں ہوتا ہے۔کیوں میں 70 ہزار سیٹوں والے اولمپک اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے سامنے یہ فرانس کیلیے مخالفانہ ماحول تھا جہاں ٹمپریچر بھی کم از کم دو ڈگری تھا۔ ڈیڈیئر ڈیشیمپ کی اس ٹیم میں صرف ایک تبدیلی تھی جس نے گذشتہ ماہ اپنے کوالیفائنگ گروپ کے فائنل میچ میں فن لینڈ کو 3-0 سے زیر کیا تھا ، 4-2-3-1 کی فارمیشن میں میتھیو والبوینا کو لوئک ریمی سے تبدیل کیا گیا تھا ۔ یورو 2012 کے دوران فرانس نے یوکرین کو 2-0 سے ہی ہرایا تھا لیکن گذشتہ برس کے اختتام پر فومینکو کے کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یوکرین کے کھیل میں نسبتاً بہتری آئی ہے۔ جیت کے ساتھ وہ اپنے کوالیفائنگ گروپ میں انگلینڈ سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔



میزبان ٹیم نے اگرچہ میچ کا آغاز اچھے انداز میں کیا تھا لیکن میچ کے پہلے ہاف میں فرینک رائبیری گول کرنے میں ناکام رہے۔ دوسری جانب امریکا کے ایسٹ ردرفورڈ میں ارجنٹائن اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جانیوالا دوستانہ میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ اس میچ میں ارجنٹائن کو سپر اسٹار اسٹرائکر لیونل میسی کی خدمات حاصل نہیں تھیں ورنہ میچ کا نتیجہ مختلف بھی ہوسکتا تھا۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈ کپ فائنلز کیلیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔دونوں جنوبی امریکن اسکواڈز آئندہ برس برازیل میں فٹبال کے عالمی مقابلے کیلیے سیٹ ہیں لیکن دونوں نے مختلف طریقوں سے ان فائنلز میں رسائی حاصل کی ہے۔ اگرچہ ورلڈ کپ میزبان برازیل ان مقابلوں میں موجود نہیں لیکن ارجنٹائن نے کونمیبول کوالیفائنگ میں جگہ پائی ہے جبکہ ایکواڈور نے یوروگوئے کیخلاف گول کے فرق سے 4 پکی نشستوں میں سے ایک حاصل کرلی ہے۔

گذشتہ اتوار اسپینش لیگ کے ایک میچ میں بارسلونا کی ریئل بیٹس پر 4-1 جیت کے موقع پر ہیمسٹرنگ انجری کے سبب ارجنٹائن کو میسی کی خدمات حاصل نہیں تھیں ۔ توقع ہے کہ میسی 6 سے 8 ہفتوں تک کھیل سے دور رہیں گے۔ سیزن کے اوائل میں بھی دائیں ہیمسٹرنگ اور ران کے مسائل پر میچز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ ایکواڈور اور ارجنٹائن امریکا ہی میں آئندہ چند دنوں میں ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنیوالی ٹیم سے دوستانہ میچز کھیلیں گے۔ ورلڈ کپ میزبان برازیل بھی آئندہ چند دنوں میں دو شمالی امریکن میچز کھیلے گا ، ہفتے کے روز میامی پر اسے ہونڈرس اور منگل کو ٹورنٹو میں چلی سے دو دو ہاتھ کرنا ہیں۔ علاوہ ازیں ورلڈ کپ پلے آف کے فرسٹ لیگ میں پیرایوس پر یونان نے رومانی کو 3-1 سے ، لزبن پر پرتگال نے سویڈن کو 1-0 سے ہرادیا جبکہ ریکجیوک کے مقام پر آئس لینڈ اور کروشیا کا میچ بغیر کسی گول کے اختتام پذیر ہوگیا۔