تجاویز موجودہیں ہمیں موقع ملا تو مہنگائی ختم کرینگے عابد شیر

ہم الیکشن میں جائیں گے تو پتہ چل جائیگا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، سلیم حیدر


Monitoring Desk September 04, 2012
ہم الیکشن میں جائیں گے تو پتہ چل جائیگا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، سلیم حیدر

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہاہے کہ اسوقت ملک میں مہنگائی کا طوفان مچا ہوا ہے جب پٹرول کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں تو پھر ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی تجاویز موجود ہیں جب ہمیں موقع ملا تو ان پر عمل کرکے مہنگائی کو ختم کردیں گے۔ پروگرام ''کل تک'' میں اینکر پرسن جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس وہ عزم ہی نہیںکہ جس سے مسائل کا حل سامنے آس کے آج بھی اگر کرپشن پرکنٹرول اور ملکی وسائل کو اچھے طریقے سے استعمال کیا جائے تو مہنگائی کے طوفان کو روکا جاسکتا ہے۔

ریلوے کا غائبانہ نمازجنازہ پڑھایا جاچکا ہے پی آئی اے کے معاملات انتہائی خراب ہیں ان حالات میں کسی کو پاکستان پر حملے کی ضرورت نہیں ہے موجودہ حکومت کی پالیسیاں ہی کافی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ سندھی پنجابی پٹھان اور بلوچی بن کر نہ سوچے پاکستانی بن کر سوچے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں بہت مہنگائی ہے لیکن یہ بات صحیح نہیں کہ صرف پاکستان میں مہنگائی ہے پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔ موجودہ خرابیوں کی ذمہ دار صرف پاکستان پیپلزپارٹی نہیں ہے پچھلے ساٹھ سالوں میں خرابیاں پیدا ہوئیں لیکن کسی نے انکو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی اگر ہماری حکومت فلاپ ہوگئی ہے تو اگلی جمہوری حکومت کو موقع ملنا چاہئے۔

پاکستان کی بہتری جمہوریت میں ہی ہے۔ سوئی سے نکلنے والی ساری گیس پنجاب میں کھپت ہو رہی ہے جب ہم الیکشن میں جائیں گے تو پتہ چل جائیگا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں اور کس کے نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہاکہ دنیا میں سب سے زیادہ شرح سود کا تقرر، بغیر مشورے کے گندم کی قیمت دوگنی کرنا اور ساڑھے چھ ہزار کے بیرونی قرضے حکومت کی ایسی بڑی غلطیاں تھیں جن کی وجہ سے معیشت کا بیڑہ غرق ہوگیا۔

سب سے زیادہ شرح سود کی وجہ سے قرض لینے والوں کی کمر ٹوٹ گئی اور انہوں نے اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا۔گندم کی دوگنی قیمت کرنے سے چند بڑے کسانوں کو فائدہ ہوا اور عوام کو آٹا مہنگا ملنا شروع ہوگیااور تاریخی قرضے لئے جو عوام پر خرچ نہیں ہوئے حکومت نے اپنے اخراجات پورے کئے ۔

اب قرضے بھی لوٹانے ہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بھی حکومت اپنے ہی خرچ پورے کررہی ہے ۔حکومت میں اقتصادی سوچ اور شعور نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔