فٹبال 2014 کیمرون نے 7 ویں مرتبہ ورلڈ کپ میں جگہ بنالی

افریقی ریکارڈ قائم کردیا، تیونس کو سیکنڈ لیگ میں 4-1 سے شکست، آئیوری کوسٹ نے بھی سینیگال کو پچھاڑ کرکوالیفائی کرلیا


AFP November 18, 2013
افریقی ریکارڈ قائم کردیا، تیونس کو سیکنڈ لیگ میں 4-1 سے شکست، آئیوری کوسٹ نے بھی سینیگال کو پچھاڑ کرکوالیفائی کرلیا۔ فوٹو: فائل

کیمرون نے ساتویں مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، وہ براعظم افریقہ سے برازیل کا ٹکٹ پانے والی تیسری ٹیم بن گئی۔

اس سے قبل آئیوری کوسٹ نے سینیگال کیخلاف کامیابی کی بدولت تیسری مرتبہ ورلڈ کپ میں جگہ بنائی جبکہ گذشتہ دن نائیجیریا نے ایتھوپیا کو مات دیکر میگا ایونٹ میں رسائی حاصل کی جبکہ خطے سے دو دیگر ٹیموں کا فیصلہ منگل کو متوقع ہے، جس میں سیکنڈ پلے آف کوالیفائی میچز میں گھانا اور مصر کی ٹیمیںمدمقابل آئیں گی جبکہ برکینا فاسو اور الجیریا میں سے بھی کوئی ایک ملک ورلڈ کپ میں پہنچ پائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو منعقدہ پلے آف کوالیفائنگ مرحلے کے سیکنڈ لیگ میں کیمرون نے تیونس کو 4-1 سے مات دیکربرازیل جانے کا ٹکٹ حاصل کرلیا، دونوں ممالک کے درمیان فرسٹ لیگ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، اسی طرح ان کا ایگریگیٹ بھی 4-1 ہی رہا، کیمرون نے افریقن ریکارڈ ساتویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز میں رسائی حاصل کی ہے۔



کیمرون نے تیونس کیخلاف ہوم کرائوڈ کا ایڈوانٹج لیتے ہوئے کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں گول داغ دیا، پائری ویبو نے حریف دفاعی پلیئرز کو ڈاج دینے کے بعد گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی، اس کے آدھے گھنٹے بعد بینجمن موکانڈوجا نے کھیل پر طاری جمود کو توڑتے ہوئے کیمرون کی جانب سے دوسرا گول بنایا، پہلے ہاف کے اختتام پر کیمرون کو ملنے والی 2 گول کی برتری قائم رہی، کھیل کے دوسرے حصے کے آغاز پر مہمان ٹیم کی جانب سے آکائیچی نے 49ویں منٹ میں خسارہ کم کیا، اس کے علاوہ تیونس کی جانب سے وسیم بن یحییٰ کی لگائی ہوئی فری کک اچھی کوشش شمار ہوئی، تاہم ان کی کک گول پوسٹ کے اوپر سے باہر چلی گئی، تاہم اس کے بعد مکائوں کے دو گولز نے کیمرون کی فتح پر مہر ثبت کردی، انھوں نے کھیل کے 65 اور 86ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کے برازیل جانے کا سامان کردیا۔

اس سے قبل کاسابلانکا میں آئیوری کوسٹ نے سینیگال کو مات دیکر تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، وہ اس سے قبل 2006 اور2010 کے ایڈیشنز میں شرکت کرچکے ہیں تاہم ان کا سفر پہلے رائونڈ تک محدود رہا ہے، سینیگال کیخلاف ورلڈ کپ پلے آف کوالیفائر کے سیکنڈ لیگ کا اختتام 1-1 سے برابری پر ہوا، سینیگال نے کھیل کے 77ویں منٹ میں متبادل پلیئر موسی سائو کے پنالٹی پر بنائے گئے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی، تاہم انجری ٹائم کے چوتھے منٹ میں آئیوری کوسٹ کیلیے سولومن کالوئے نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کردیا،فرسٹ لیگ میں آئیوری کوسٹ کو 3-1 سے کامیابی ملی تھی، اس طرح انھوں نے 4-2 کے ایگریگیٹ سے فتح پائی۔