واٹر بورڈ نے تمام ہائیڈرنٹس بند کرنیکا اعلان کر دیا

کرائم برانچ کے ایس ایس پی تمام ہائیڈرنٹس کو بند کر کے رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کریں، مصباح الدین فرید.


Staff Reporter September 04, 2012
ایم ڈی واٹر بورڈ کی ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سر وسز سے سخت باز پرس، کرائم برانچ کے ایس ایس پی تمام ہائیڈرنٹس کو بند کر کے رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کریں، مصباح الدین فرید۔ فوٹو : فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی انتظامیہ نے اعلیٰ سطح سے ملنے والی ہدایت کے بعد کراچی میں تمام ہائیڈرنٹس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم تاحال مسلم آباد ہائڈرنٹس کے قیام کیلیے جاری کردہ ٹینڈر کی منسوخی سے اجتناب برتا جارہا ہے، دوسری طرف شہریوں مطالبہ کیا ہے کہ واٹرٹینکروں کے ذریعے ہونے والی اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کی نیب سے تحقیقات کرائی جائے، کراچی واٹربورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے تاحکم ثانی شہر بھر میں قا ئم تمام ہائیڈرنٹس بند کر نے کا اعلان کیا ہے۔

اس حکم کا اطلاق واٹر بورڈ کے تحت چلنے والے6قانونی ہا ئیڈرینٹس پر بھی ہو گا، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میں غیرقانو نی ہائیڈرنٹس سے متعلق سخت بازپرس کی اور ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سر وسز کو ہدایت کی کہ وہ رپورٹ پیش کریں۔

انھوں نے کرائم برانچ کے ایس ایس پی کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ آج ہی تمام ہائیڈرنٹس کو بند کر کے رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کریں، عدالت عالیہ کہ فیصلے کے مطابق جس علا قے میں غیرقانونی ہائیڈرینٹ قائم ہو گا اس کا ذمے دار علاقے کا ایس ایچ او ہوگا، ایم ڈی واٹر بورڈ نے آئی جی سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام ایس ایچ اوز کو غیرقانو نی ہائیڈرنٹس بند کرنے کیلیے پابند کریں۔

دوسری طرف کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے علاقہ مکینوں کی شکایت اور عدالت کے حکم پر بند ہونے والے مسلم آباد ہائیڈرنٹس کے دوبارہ قیام کے لیے جاری کردہ ٹینڈر منسوخ نہیں کیے ہیں جس پر واٹربورڈ کے ایک سینئر آفیسر نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا یہ ہائیڈرنٹس کراچی کے شہریوں کے دباؤ پر بند ہوا تھا مگر واٹربورڈ کی انتظامیہ اس کو دوبارہ کھلوانے کے لیے سرگرم ہے، اس سلسلے میں اخبارات میں ٹینڈر کے اشتہارات دیدیے گئے ہیں، اگر مسلم آباد ہائیڈرنٹس کھل گیا تو پورے شہر کے لیے ایک وبال بن جائے گا۔

لہٰذا واٹربورڈ کی انتظامیہ کو چاہیے کہ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہے تو فوری طور پر مسلم آباد ہائیڈرنٹس کے ٹینڈرنگ کے عمل کی منسوخی کا بھی حکمنامہ جاری کرے، شہریوں نے واٹربورڈ کی طرف سے ہائیڈرنٹس کی بندش پر نیب اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث ٹینکر مافیا اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے معاملات کا نوٹس لیں اور ذمے دار افسران کے خلاف کارروائی کریں، شہریوں کا کہنا کہ واٹربورڈ کی موجودہ انتظامیہ نے عیدالفطر کے موقع پر پورے شہر کا پانی بند کرکے شہر میں منہ مانگے داموں پر ٹینکر فروخت کرائے ہیں

جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، واضح رہے کہ واٹربورڈ کی انتظامیہ شہریوں کی مشکلات اور پریشانی کا خیال کیے بغیر ٹینکر مافیا کی پشت پہنائی کی جس کا خمیازہ کراچی کے شہریوں کو برداشت کرنا پڑا تاہم اس سارے کھیل میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جس کی تحقیقات ہونا لازمی ہے۔