ن لیگی کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں سلیم ضیا

ایماندار امیدوار سامنے لائے جائیں،حیدرآباد کو مثالی شہر بنائیں گے، عہدیداروں سے خطاب


Numainda Express November 19, 2013
وقت آ گیا ہے کہ حیدرآباد کو مثالی شہر بنانے کے لیے بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور ایماندار لوگ آگے آئیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا نے حیدرآباد کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں اور ایسے ایماندار امیدواروں کو سامنے لایا جائے جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر بلدیاتی اداروں میں جائیں اور تیزی سے تباہ ہوتے حیدرآباد شہر کو مثالی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈویژنل صدر خالد عزیز آرائیں کی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ماضی کے حیدرآباد کو تباہ کر دیا گیا ہے، شہر کھنڈر میں تبدیل ہو گیا ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سڑکوں پر گندا پانی پانی جمع ہے۔



اب وقت آ گیا ہے کہ حیدرآباد کو مثالی شہر بنانے کے لیے بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور ایماندار لوگ آگے آئیں۔ اس موقع پر راجہ عبداﷲ، غلام مصطفی، روشن بلوچ، پریل بگھیو، کلیم شیخ، اقبال احمد رحمانی، زاہد قریشی، منور خشک، تنویر ملک، آصف مرزا، دھنی بخش بلیدی و دیگر نے بھی شرکت کی۔