ورلڈ ٹی 20 پاک بھارت میچ کے ٹکٹ 4 ماہ قبل ہی فروخت

تقسیم کے عمل میں انتظامی کمزوریاں شائقین کی مایوسی کا سبب بننے لگیں


Sports Desk November 19, 2013
کئی مارے مارے پھرنے کے باوجود خالی ہاتھ گھر واپس جانے پر مجبور ہوگئے ۔فوٹو:فائل

آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ 4ماہ قبل ہی فروخت ہوگئے۔

تقسیم کے عمل میں انتظامی کمزوریاں شائقین کی مایوسی کا سبب بننے لگیں، کئی مارے مارے پھرنے کے باوجود خالی ہاتھ گھر واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلے بنگلہ دیش کے 3مختلف وینیوز پر 16مارچ سے شروع ہوں گے، البتہ ٹکٹوں کے حصول کے لیے کھڑکی توڑ رش ابھی سے نظر آنے لگا ہے، منتظمین نے آن لائن فروخت کو ترجیح دیتے ہوئے عوام کیلیے صرف50فیصد ٹکٹوں کی فروخت بینکوں کے ذریعے کرنے کی پالیسی بنائی، طویل انتظار کے بعد نامراد واپس گھر لوٹنے والوں نے اسے امتیازی سلوک کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہاکہ صرف امیر گھرانوں کو میگا ایونٹ کے مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔



آن لائن ٹکٹوں کا حصول کریڈٹ کارڈ کے بغیر ممکن نہیں، فارم بھرنے، میچ اور وینیوز کے انتخاب کیلیے بھی مراحل طے ہیں، بکنگ کی اطلاع بھی ای میل کے ذریعے دینے کا طریقہ کار اختیار کیا گیا، اس صورتحال میں عام شائقین میں سے کتنے افراد کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع مل سکے گا؟ایک بینک آفیشل کے مطابق کچھ علاقوں میں پرنٹرز غیرمعیاری یا سافٹ ویئر کے درست کام نہ کرنے کی وجہ سے ٹکٹوں کی فروخت بُری طرح متاثر ہوئی ہے،ایک ٹکٹ پر آدھا گھنٹہ تک صرف ہوتا رہا، چند کاؤنٹرز پر تو دن بھر میں صرف 50 خوش نصیب ہی میچ دیکھنے کا پروانہ حاصل کرسکے، البتہ کچھ بوتھ ایسے بھی تھے جہاں بڑی تیزی سے کام مکمل ہوا،مثال کے طور پر میر پور میں21مارچ کو شیڈول پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، سب سے زیادہ شائقین بنگلہ دیش کے تمام مقابلے دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں۔