فٹبال فرانس آج یوکرین کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا

پلے آف فرسٹ لیگ میں شکست سے مسائل،1998کی ورلڈ چیمپئن ٹیم کو 2 دہائیوں بعد ورلڈکپ سے اخراج کا خطرہ


AFP/Sports Desk November 19, 2013
پلے آف فرسٹ لیگ میں شکست سے مسائل،1998کی ورلڈ چیمپئن ٹیم کو 2 دہائیوں بعد ورلڈکپ سے اخراج کا خطرہ ، فوٹو: فائل

ورلڈ کپ 2014 میں رسائی کیلیے فرانس منگل کو یوکرین کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا، پلے آف کے فرسٹ لیگ میں0-2 کی شکست کے بعد1998 کی ورلڈ چیمپئن فرنچ ٹیم کو2دہائیوں بعد میگا ایونٹ سے اخراج کا خطرہ درپیش ہے۔

ماضی میں بلغاریہ نے فرانس کو ان کے ہی میدانوں پر 2-1 سے شکست دے کر امریکا میں منعقدہ 1994 ورلڈ کپ سے باہر کردیا تھا، اگرچہ ٹیم کو اس وقت میگاایونٹ میں شرکت کیلیے بلغاریہ سے مقابلہ محض ڈرا کرنا بھی کافی ہوتا لیکن اس مرتبہ تو فرسٹ لیگ میں اسے یوکرین کے ہاتھوں 2 گول کا خسارہ ہے، ہوم گرائونڈ پر بڑے مارجن سے فتح ہی فرنچ ٹیم کو برازیل کا ٹکٹ دلا سکتی ہے،کوچ ڈیڈائر ڈیس چیمپس کی کیو میں اختیار کی گئی حکمت عملی پر تنقید بھی کی گئی تھی، انھوں نے سینٹرل پلے میکنگ کردار میں میتھیو ویلبیونا کی جگہ سمیر ناصری کو کھلایا جو اچھے نتائج دینے میں ناکام رہے، فرانس کو سیکنڈ لیگ میں لورینٹ کوسینسلی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا، البتہ رئیل میڈرڈ کیلیے کھیلنے والے رافیل وارین دستیاب ہوں گے۔



وہ گھٹنے میں تکلیف کے سبب فرسٹ لیگ نہیں کھیل پائے تھے، دوسری جانب یوکرینی ٹیم میخائل فومینکو کی زیرکوچنگ بہتری کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، اسے گذشتہ 12 میچز میں شکست نہیں ہوئی،ان میں سے 8مقابلوں میں حریف پلیئرز کو گول بنانے کا موقع بھی نہیں ملا جس سے مضبوط دفاع کا اظہار ہوتا ہے، براعظم یورپ سے باقی چار پوزیشنز کیلیے دیگر تین میچز میں آئس لینڈ کا سامنا کروشیا سے ہوگا، دونوں ممالک میں فرسٹ لیگ بغیر کسی گول کے برابر رہا، پرتگال کو سوئیڈن کا چیلنج درپیش ہے، ابتدائی میچ میں پرتگال نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی، یونان کو رومانیہ کیخلاف فرسٹ لیگ میں 3-1سے جیت کی بدولت منگل کے مقابلے میں نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔