وقت نے ہمیں میچور کردیا مشرف کا فیصلہ عدالت کریگی قائم علی شاہ

ملک میں غیر جمہوری قوتوں کی گنجائش نہیں رہی، کوشش کے باوجود کراچی خلفشار کا شکار ہے


Staff Reporter November 19, 2013
کراچی میں امن ہوجائیگا، ہائیکورٹ بار کی تقریب سے خطاب، 100ایکڑ زمین دینے کا اعلان ۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں غیر جمہوری قوتوں کی گنجائش نہیں رہی، سابق آمر پرویز مشرف کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

انتہائی کوششوں کے باوجود کراچی دہشت گردی اور خلفشار کا شکار ہے لیکن حکومت اس کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کیلیے پر عزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ، صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلیے سنجیدہ ہے لیکن حلقہ بندیاں انتخابات کے فوری انعقاد میں رکاوٹ ہیں۔ وہ پیر کی شب سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر اور سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مصطفیٰ لاکھانی نے بھی خطاب کیا ، وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ یہاں آمریت کی کوئی گنجائش نہیں۔

وفاقی حکومت نے سابق آمر پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی کارروائی شروع کردی ہے اور ملک میں غیر جمہوری قوتوں کی گنجائش نہیں رہی، وقت نے ہمیں میچور بنادیا ہے اب معاملہ عدلیہ کے پاس ہے اور وہ شواہد اکٹھا کرکے فیصلہ کرے گی۔



انھوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اسی وقت قائم ہوسکتی ہے جب حکومت خود قانون پر عمل کرے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذاتی طور پر سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔

ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ لیاری بھی کراچی کا حصہ ہے اور جلد پورے شہر میں امن قائم ہوجائے گا۔ ایک سوال پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلیے سنجیدہ اقدامات کیے اور ہم اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطالبات منظور کرتے ہوئے وکلاء کی خدمات پر سیلز ٹیکس کی معافی اور ہاؤسنگ اسکیم کیلیے 100 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کیا ۔