ٹیسٹ رینکنگ پاکستان کی چوتھی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی

آسٹریلیا کو انگلینڈ سے تاریخی ایشز سیریز ڈرا کرنے پربھی ایک درجے ترقی مل جائے گی


Sports Desk November 20, 2013
آسٹریلیا کو انگلینڈ سے تاریخی ایشز سیریز ڈرا کرنے پربھی ایک درجے ترقی مل جائے گی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی،آسٹریلیا نے اگر تاریخی ایشز سیریز ڈرا بھی کر لی تو اسے ایک درجے ترقی مل جائے گی۔

دوسری جانب انگلینڈ کے پاس4-0 سے فتح کی صورت میں دوسرے نمبر پر براجمان ہونے کا موقع موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز21 نومبر سے برسبین میں ہوگا، کینگروز اس وقت101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ انگلینڈ15پوائنٹس کی سبقت لے کر تیسری پوزیشن پر موجود ہے،آسٹریلوی ٹیم سیریز میں فتح یا اسے ڈرا کر کے بھی پاکستان کو چوتھے درجے سے محروم کر سکتی ہے،4-0 یا بڑے مارجن سے جیت تو اسے انگلش سائیڈ کی تیسری پوزیشن پر پہنچا دے گی۔31دسمبر 2016تک ٹاپ 4 ٹیمیں اولین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2017کیلیے کوالیفائی کر لیں گی، لہذا ہر میچ کوالیفائنگ کیلیے اہمیت کا حامل ہے۔



انگلینڈ کو بھی حالیہ سیریز دوسری پوزیشن واپس پانے کا چانس دے گی، بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 2-0 سے ہرا کر یہ درجہ حاصل کیا تھا، انگلش سائیڈ کو اس کیلیے سیریز 4-0 یا مزید بہتر مارجن سے جیتنی ہوگی۔ جنوبی افریقہ موجودہ ٹاپ ٹیسٹ ٹیم ہے، دیگر پوزیشنز پر بالترتیب بھارت، انگلینڈ، پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش موجود ہیں۔ ابتدائی 10بیٹسمینوں کی فہرست میں پاکستانی کپتان مصباح الحق ساتویں اور یونس خان نویں نمبر پر ہیں، ابتدائی 2 پوزیشنز پر جنوبی افریقی اسٹارز اے بی ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملا کا قبضہ ہے، بولنگ میں بھی پروٹیز ڈیل اسٹین اور ورنون فلینڈر ٹاپ 2نمبرز پر قابض جبکہ پاکستانی سعید اجمل چوتھے نمبر پر موجود رہے۔ ٹاپ 5آل رائونڈرز بالترتیب آر ایشون، شکیب الحسن، جیک کیلس، اسٹورٹ براڈ اور ورنون فلینڈر ہیں۔