’’پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا‘‘ عامر کا ٹنڈولکر کو خراج تحسین

تقریب میں یوراج، ظہیر وہربھجن نے لٹل ماسٹر کے چہرے پر کیک مل کرمسکراہٹیں بکھیردیں


Sports Desk November 20, 2013
تقریب میں یوراج، ظہیر وہربھجن نے لٹل ماسٹر کے چہرے پر کیک مل کرمسکراہٹیں بکھیردیں۔ فوٹو: فائل

کرکٹ سے طویل رفاقت کا حال ہی میں اختتام کرنے والے سچن ٹنڈولکر کی الوداعی تقریب میں ان کے چاہنے والوں نے سماں باندھ دیا۔

سابق و موجودہ معروف کرکٹرز اور اداکاروں نے اپنے محبوب اسٹار پر محبتوں کے پھول نچھاور کیے، تمام مہمانوںکا استقبال خود ٹنڈولکر اور اہلیہ انجلی نے کیا، اداکار عامر خان نے ''پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا'' گا کر لٹل ماسٹر کو خراج تحسین ادا کیا۔



تفصیلات کے مطابق ٹنڈولکر کی جانب سے اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور قریبی افراد کے اعزاز میں تقریب کی ابتدائی خبر تو پہلے ہی سامنے آ چکی تھیں، اب شریک افراد نے اندر کی کہانی بھی بیان کر دی۔



تقریب میں شریک بھارتی اداکار عامر خان نے اپنی پہلی فلم ''قیامت سے قیامت تک'' کا مشہور گانا ''پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا'' گا کر ٹنڈولکر کے نام کیا، ساتھی کھلاڑی یوراج سنگھ نے ٹنڈولکر کیلیے اپنے ایک دوست کی لکھی ہوئی نظم پڑھی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا جسے یوراج، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ نے ٹنڈولکر کے چہرے پر مل کر حاظرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔



تقریب میں راہول ڈریوڈ کی کمی محسوس ہوئی جبکہ سچن ٹنڈولکر نے اپنے بچپن کے دوست ونود کامبلی کو مدعو ہی نہیں کیا تھا۔ دریں اثنا امیتابھ بچن نے تقریب میں شرکت اور بھارتی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کو خوشگوار تجربہ قرار دیا۔



انھوں نے کہا کہ میں مستقبل میں بھی سچن ٹنڈولکر کی کامیابیوں کیلیے دعاگو ہوں، ان کی وجہ سے ہمیں اپنے بھارتی ہونے پر فخر ہے۔



یاد رہے کہ تقریب میں گلوکارہ آشا بھوسلے، گلوکار سونو نگم، کرکٹرز مہندرا سنگھ دھونی، ویرت کوہلی، سنیل گاوسکر، سارو گنگولی، انیل کمبلے، جواگل سری ناتھ، برائن لارا، وینکٹ لکشمن اور انتہا پسند سیاستدان راج ٹھاکرے بھی موجود تھے۔ ٹنڈولکر نے 24سالہ کیریئر کا 16 نومبر کو اختتام کیا تھا، انھیں اعلیٰ ترین ملکی سول ایوارڈ بھارت رتنا سے بھی نوازا گیا۔