سکرنڈ اور سیہون میں کتوں کے کاٹنے سے 2 بچے جاں بحق

نمائندگان ایکسپریس  جمعـء 14 فروری 2020
مراد شاہ کے انتخابی حلقے سیہون میں 10سالہ رحیماں کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا

مراد شاہ کے انتخابی حلقے سیہون میں 10سالہ رحیماں کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا

سکرنڈ / سیہون:  سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے آبائی ضلع کے علاقے سکرنڈ اور وزیراعلی سندھ کے انتخابی حلقے سیہون میں کتے کاٹنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ وزیراعلی سندھ نے اپنے حلقے میں کتے کاٹے سے بچے کی ہلاکت کانوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

آصف علی زرداری کے آبائی ضلع شہیدبے نظیرآباد کے علاقے سکرنڈ کے قریبی گاؤں چتن شاہ میں چند روز قبل کتے نے12 سالہ بچے منیر شاہ کو کاٹا تھا جسے فوری طورپر تعلقہ اسپتال سکرنڈ منتقل کیاگیا تھا لیکن وہاں ویکسین دستیاب نہیں تھی جس پر اسے نوابشاہ کے پی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیاجہاں وہ دوران علاج جمعرات کودم توڑ گیا۔

دوسری جانب ورثا کا کہنا تھا کہ تعلقہ اسپتال سکرنڈ میں ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے منیر کا علاج نہ ہوسکااوراسی وجہ سے وہ جاں بحق ہوا، ادھر وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ کے انتخابی حلقے سیہون کی یوسی ٹلٹی کے گاؤں احمد لاشاری میں آوارہ کتوں نے 10 سالہ بچی رحیماں لاشاری کو کاٹ کھایا جس کے نتجے میں بچی فوت ہوگئی، متوفی بچی چوتھی جماعت کی طالبہ تھی اور اسکول سے چھٹی ملنے پر واپس گھرجارہی تھی تو کتوں نے حملہ کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔