تھرڈ امپائر فیصلوں کی شائقین کو فوری وضاحت دیا کرینگے

تجویز پر عمل حالیہ ایشز سیریز سے نہیں ہوسکے گا، اسنیکو میٹرکے استعمال کی تصدیق


Sports Desk November 21, 2013
تجویز پر عمل حالیہ ایشز سیریز سے نہیں ہوسکے گا، اسنیکو میٹرکے استعمال کی تصدیق۔ فوٹو: فائل

کرکٹ امپائرز تماشائیوں اور ٹیلی ویژن ناظرین کو ڈی آر ایس فیصلوں کے بارے میں وضاحت دیا کرینگے، اس فیصلے پر عمل حالیہ ایشز سیریز سے نہیں ہوسکے گا۔

البتہ آئی سی سی،آسٹریلیا اور انگلش بورڈز کے ساتھ مل کر پہلی بار ریئل ٹائم اسنیکومیٹر استعمال کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل تھرڈ امپائرز کو تماشائیوں اور ٹیلی ویژن ناظرین کو اپنے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، البتہ اس پر عملدرآمد ایشز سیریز سے نہیں ہوسکے گا۔گورننگ باڈی آسٹریلیا اور انگلش بورڈز کیساتھ مل کر ڈسیشن ریویو سسٹم فیصلوں میں ریئل ٹائم اسنیکومیٹر استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ریفرل پالیسی پر تنقید ختم اور عوامی الجھن کم کرنے کیلیے امپائرز کے فیصلوں سے تماشائیوں کو براہ راست آگاہ کیا جائیگا۔ گوکہ آسٹریلوی کرائوڈ اور ٹی وی شائقین حالیہ سیریز میں ماریس اراسمس ، ٹونی ہل اور علیم ڈار کی آوازیں نہیں سن سکیں گے لیکن آئندہ ایسا ہونے کی توقع ہے۔



آئی سی سی جنرل منیجر آف کرکٹ جیف ایلرڈائس کا کہنا ہے کہ یقیناً ہم یہ منصوبہ بنا چکے لیکن فوری عمل ممکن نہیں، ہم ایسا اس سیزن میں نہیں کررہے البتہ میں سمجھتا ہوں کہ اس کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ لوگ فیصلوں سے متفق ہو سکیں، انھوں نے مزید کہا کہ خودکار اسپلٹ اسکرین ڈسپلے میں ڈی آر ایس سے ملحق نیا اسنیکو ایجز کا پتہ لگانے کیلیے موجودہ ہاٹ اسپاٹ سے جڑا ہوگا۔ اسنیکو گرافک تین سپر سلو موشن کیمروں سے بنایا گیا ہے جو بیک وقت کام کرتے اور 2 اسٹمپس مائیکروفون کے نتائج کو ریکارڈنگ ڈیوائس پر لاتے ہیں،اس سے معلوم ہوجاتا ہے کہ آواز کس مقام سے آئی اور گیند کب بیٹ سے ٹکرائی ہے۔ ایلرڈائس نے کہاکہ تین رخی منظر اگست میں اولڈ ٹریفورڈ پر تھرڈ امپائر کمار دھرما سینا سے ہونیوالی غلطیوں سے بچانے میں مدد دیگا، اس میں انھوں نے عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کی تصدیق کی حالانکہ بیٹسمین نے واضح طور پر گیند کھیلی ہی نہیں تھی۔