پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ویب ڈیسک  جمعـء 14 فروری 2020
 پاک ترک ایم اویوز پر دستخط نئے دور کا آغاز ہے، ایم او یوز سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، عمران خان۔

پاک ترک ایم اویوز پر دستخط نئے دور کا آغاز ہے، ایم او یوز سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، عمران خان۔

 اسلام آباد: پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔ 

ایکسپریس نیوز کے  مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں اور ترکی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی موجودگی میں پاکستان اور ترکی کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جن معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان کے تحت دونوں ممالک اطلاعات و نشریات کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مختلف دستاویزات پر بھی دستخط ہوئے جس کے ذریعے ترک سرمایہ کار پاکستان میں جاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

معاہدوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اور اعلیٰ تعلیم اور سائنس اور سائنسی تحقیق کے شعبوں کو وسیع کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و عسکری روابط جو پہلے سے ہی موجود ہیں انہیں بڑھایا جائے گا، اور ادارہ جاتی سطح پر مشاورت کے عمل کو بڑھانے پر پیش رفت ہوگی، دونوں ممالک کے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر بھی مختلف معاہدے کئے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی کی ترقی سےسیکھناچاہتےہیں، پاک ترک ایم اویوز پر دستخط نئے دور کا آغاز ہے، ایم او یوز سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔