پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ نیشنل بینک نے واپڈا کو 50 رنز سے زیر کرلیا

اسٹیٹ بینک کے مقابل زیڈ ٹی بی ایل 6 وکٹ سے کامیاب، آفتاب عالم نے یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو شکست سے بچا لیا.


Sports Desk November 21, 2013
اسٹیٹ بینک کے مقابل زیڈ ٹی بی ایل 6 وکٹ سے کامیاب، آفتاب عالم نے یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو شکست سے بچا لیا،181 رنز اسکور کیے. فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے مرحلے میں نیشنل بینک نے واپڈا کو50رنز سے زیرکرلیا، ناکام ٹیم156 رنز کا آسان ہدف بھی حاصل نہ کرسکی اور تمام بیٹسمین105 پر ہی پویلین لوٹ گئے، ضیاالحق نے 4 اور حماد اعظم نے3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اسٹیٹ بینک کے مقابل زیڈ ٹی بی ایل نے6وکٹ سے کامیابی سمیٹی ، یاسر حمید اور شرجیل خان نے ففٹیز بنائیں، فیصل یاسین کی 4 وکٹیں رائیگاں گئیں۔ آفتاب عالم نے یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو شکست سے بچا لیا، انھوں نے چوتھے روز181 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل بینک کے مقابل واپڈا کی ٹیم 156 رنز کا آسان ہدف بھی حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس کے تمام بیٹسمین 105 پر ہی پویلین لوٹ گئے، پہلی باری میں 5 شکار کرنے والے ضیا الحق نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 کے عوض4 وکٹیں اپنے نام کیں، حماد اعظم نے14رنزدے کر 3 پلیئرز کو پویلین کا راستہ دکھایا، ناکام ٹیم کے سعد نسیم 36 کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ قبل ازیں واپڈا کی ٹیم پہلی باری میں123 پر ڈھیر ہوگئی تھی، بینک کی کاوش دوسری اننگز میں 116 تک محدود رہی۔



کے آرایل گرائونڈ راولپنڈی میں زیڈ ٹی بی ایل نے اسٹیٹ بینک کے خلاف 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم نے180 رنز کا ہدف 4 وکٹیں گنوا کر باآسانی حاصل کرلیا، شرجیل خان نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے، یاسر حمید 87 بالز پر 62 رنز جوڑ کر دوسرے کامیاب بیٹسمین رہے، فیصل یاسین نے 49 رنز دے کر4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ابتدائی اننگز میں اسٹیٹ بینک نے 217 اور زرعی ترقیاتی بینک نے 309 رنز جوڑے تھے، اسٹیٹ بینک کی ٹیم دوسری باری میں 272 رنز بنا سکی، اس طرح فاتح سائیڈ کو آخری روز 180 رنز کا آسان ہدف ملا جو اس نے 4 وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا۔ مرغزارگرائونڈ اسلام آباد پر میچ کے آخری روز یوبی ایل کیخلاف حبیب بینک کو یقینی شکست کا خطرہ تھا لیکن آفتاب عالم نے181 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیل کرمیچ ڈرا کرا دیا۔

آفتاب نے242 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 29 چوکے اور 2 چھکے جڑے، جمال انور نے 52 رنزکیلیے174 گیندیں صرف کرتے ہوئے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ یادرہے کہ یوبی ایل کوفتح کیلیے آخری روز صرف8 وکٹیں درکار تھیں، پہلی کاوش میں 130 پر ڈھیر ہونے والی ایچ بی ایل کی ٹیم کے بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری روز صرف 5 وکٹیں ہی گرنے دیں، بدھ کو2 وکٹ پر60 رنز سے میدان میں اترنے والی سائیڈ نے کھیل کے اختتام تک 7 وکٹ پر341 رنز بنائے اور میچ بچا لیا۔ یوبی ایل کی ٹیم پہلی اننگز میں 167 اور دوسری میں386 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی، عابد علی نے ناقابل شکست ڈبل سنچری جڑتے ہوئے حریف سائیڈ کے سامنے 424 رنز کا مشکل ہدف رکھنے میں مدد فراہم کی۔