2020 سمر گیمز بیس بال اور سافٹ بال کی واپسی پر بات ہوگی

4 دسمبر کو آئی اوسی میٹنگ اور فروری میں ونٹر گیمز کے دوران غور کرینگے، تھامس باخ


Sports Desk/AFP November 21, 2013
4 دسمبر کو آئی اوسی میٹنگ اور فروری میں ونٹر گیمز کے دوران غور کرینگے، تھامس باخ. فوٹو: فائل

آئی او سی 2020 سمر گیمز میں بیس بال اور سافٹ بال کی واپسی پر بات چیت کرے گی۔

2008 بیجنگ اولمپکس کے بعد ان دونوں کھیلوں کو نکال دیا گیا تھا، بعد میں ایک کھیل کو شامل کرنے کیلیے جیکس روگ کی سربراہی میں بیس بال ، سافٹ بال اور اسکواش کی جگہ ریسلنگ کو دوبارہ چن لیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے نومنتخب صدر تھامس باخ نے بیس بال کے شوقین جاپانیوں کو یہ کہہ کر خوش کردیاکہ 2020 ٹوکیو سمر گیمز کیلیے کھیل کی ممکنہ واپسی پر بات چیت کرے گی۔ جاپان میں بیس بال کو شہنشاہ کھیل سمجھا جاتا ہے،اسے جڑواں کھیل سافٹ بال کے ساتھ2008 بیجنگ اولمپکس کے بعد نکال دیا گیا تھا،اس کی دیگر وجوہات کے ساتھ عالمی پیمانے پر کم مقبولیت بتائی گئی تھی۔ ستمبر میں جیکس روگے کی جگہ آئی او سی چیف کا عہدہ سنبھالنے والے تھامس باخ کا کہنا ہے کہ میں ذاتی طور پر اولمپک گیمز کے پروگرام میں زیادہ لچک چاہتا ہوں ۔ نیوز کانفرنس میں انھوں نے بتایا کہ مجھے دیکھنا ہوگا کہ آئی او سی میں میرے ساتھی اس بارے میں کیا سوچتے ہیں ۔



روگے کی سربراہی میں کمیٹی نے بیس بال ، سافٹ بال اور اسکواش کی جگہ 2020 پروگرام میں ریسلنگ کو دوبارہ چن لیا تھا ۔ جرمنی کے سابق اولمپک اور ورلڈ فینسنگ چیمپئن تھامس باخ کا کہنا ہے کہ بیس بال کے مسئلے پر 4 دسمبر کو آئی او سی ایگزیکٹیو بورڈ اور فروری میں ونٹر گیمز کے موقع پر سوچی میں بات چیت کی جائیگی ۔59 سالہ تھامس باخ 2020 ایونٹ پر سیاسی اور کاروباری حلقوں کی حمایت حاصل کرنے کیلیے ٹوکیو کا دورہ کررہے ہیں۔ اولمپک چارٹر کے مطابق مقابلوں میں اسپورٹس کی شمولیت کا فیصلہ ایک اولمپکس کے انعقاد سے سات برس پہلے کیا جانا چاہیے۔ البتہ تھامس باخ کا کہنا ہے کہ اس قانون کو آئی او سی ووٹ کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم شنزو ایب سے ملاقات کے دوران باخ نے کہاکہ مجھے مکمل اطمینان ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کامیاب ہوں گے،ایب نے کہاکہ جاپان گیمز کی کامیابی کیلیے متحد ہے۔