سندھ پنجاب میں 29 نومبر سے تقرری تبادلوں پر پابندی کا فیصلہ

دونوں صوبوں کو بلدیاتی الیکشن کیلیے حلقہ بندی کے لیے 8 دن کی مہلت دی گئی ہے


INP November 21, 2013
شیڈول کے اجرا سے قبل صوبائی حکومتیں اہم انتظامی تقرر اور تبادلے کریں گی، ماہرین۔ فوٹو: فائل

KARACHI: الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوران تقرریوں اور تبادلوں پر 29 نومبر سے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق بھی اسی روز جاری کیاجائے گا ، دونوں صوبے کمیشن کی منظوری سے ناگزیر تقرریاں و تبادلے کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن کو بعض سیاسی جماعتوں اور شہریوں کی طرف سے تجاویز موصول ہوئی تھیں کہ وہ پنجاب اور سندھ میں انتخابی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں صوبوں میں تقرری اور تبادلے پر بھی پابندی عائد کردے تاکہ صوبوں میں برسر اقتدار حکومتیں اپنی مرضی اور پسند کے افسران کی تعیناتی کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرا نداز ہوسکیں تاہم کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ 29 نومبر کو انتخابی شیڈول کے باضابطہ نوٹیفیکیشن کے ساتھ ہی یہ پابندی عائد کی جائے گی جبکہ اسی روز ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا جائے گا۔



واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے منگل کو انتخابی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں صوبوں کو باضابطہ شیڈول کے اجرا سے قبل انتخابی قوانین اور حلقہ بندیاں مکمل کرنے کیلیے 8 دن کی مہلت دی تھی اب اس بارے میں صوبوں کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد 29 نومبرکو انتخابی شیڈول کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگا اور ساتھ دونوں صوبوں میں تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی کے احکام بھی جاری ہوں گے۔ قانونی ماہرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں صوبائی حکومتیں ان 8 دنوں کا بھرپورفائدہ اٹھائیں گی اور 29 نومبر کو شیڈول کے اجرا سے قبل ہی اہم انتظامی تقرراور تبادلے کریں گی جن کا کمیشن بھی نوٹس نہیں لے سکے گا۔