پاکستان شکست کے شکنجے سے نکلنے کا خواہاں

جنوبی افریقہ سے دوسراٹی20آج کیپ ٹاؤن میں ہوگا،سیریز کی برابری کیلیے لازمی فتح درکار،سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی


Sports Desk November 22, 2013
میزبان نے ہنری ڈیوڈز کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا،ڈی ویلیئرز کی شمولیت متوقع، فوٹو؛ اے ایف پی/فائل

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا دوسرا اور آخری میچ جمعے کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا، مہمان سائیڈ شکست کے شکنجے سے نکلنے کی خواہاں ہے۔

میزبان نے بارش سے متاثرہ پہلا مقابلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت4رنز سے جیتا تھا، سیریز کی برابری کیلیے گرین شرٹس کو لازمی فتح درکار ہے، پہلا مقابلہ ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھنے والے آف اسپنر سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی ہو گی، ان کیلیے انور علی کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، میزبان سائیڈ نے ہنری ڈیوڈز کو ڈومیسٹک میچ کیلیے ریلیز کر دیا، پلیئنگ الیون میں اے بی ڈی ویلیئرز کی شمولیت متوقع ہے۔ پاکستانی کپتان محمد حفیظ پہلے میچ میں شکست کے باوجود ہمت نہیں ہارے، وہ فتح کے ساتھ سیریز کی برابری کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر قسمت نے ساتھ نہ دیا اس لیے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پروٹیز قائد فاف ڈو پلیسی کے مطابق ٹیم کی ورلڈکپ کیلیے تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، ہم ایک اور سیریزجیت کر سال کا کامیاب اختتام کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عجلت میں طے شدہ دورئہ جنوبی افریقہ کا پہلا میچ ہارنے والی پاکستانی ٹیم کو اب سیریز بچانے کے لالے پڑ گئے، دوسرا ٹوئنٹی 20جمعے کو سہارا پارک نیو لینڈز میں ہو رہا ہے، بدھ کو پہلے میچ میں گرین شرٹس بارش کے سبب ڈی ایل قانون کے تحت4رنز سے ناکام رہے تھے،اگر کیلکولیشن درست ہوتی تو بادل گرجتے دیکھ کر گیندیں ضائع کرنے کے بجائے ایک چوکا لگا کر فتح یقینی بنائی جا سکتی تھی،154رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم نے کھیل رکنے تک9.1اوورز میں2وکٹ پر 60 رنز اسکور کیے تھے ، احمد شہزاد اور ناصر جمشید کی جوڑی اس میچ میں بھی کامیاب نہ رہ سکی، ناصر نے گوکہ محتاط انداز اپنایا مگر پھر بھی 18 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، اب ان دونوں پر ایک بار پھر بھاری ذمہ داری عائد ہو گی، ٹیم مینجمنٹ نوجوان بیٹسمین صہیب مقصود کے بیٹنگ آرڈر میں متواتر تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،اس بار چوتھے نمبر پر عمر اکمل کو بھیجا گیا جو کپتان حفیظ کے ساتھ ناٹ آئوٹ واپس آئے۔



عبدالرزاق اور شعیب ملک کی عدم موجودگی کے سبب لوئرآرڈر میں شاہدآفریدی پر ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، نوجوان پیسر بلاول بھٹی اور سہیل تنویر بھی ہارڈ ہٹنگ کر سکتے ہیں۔ پہلے میچ میں بارش کے سبب پچ بولنگ کیلیے سازگار لگتی تھی، اسی لیے آخری لمحات میں پاکستان نے سعید اجمل کو ڈراپ کرتے ہوئے چوتھے فاسٹ بولر کو میدان میں اتارا، انور علی اور سہیل تنویر کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے جبکہ جنید نے بہتر بولنگ کرتے ہوئے 2وکٹیں لیں، پہلا میچ کھیلنے والے بلاول نے گوکہ ابتدائی3اوورز اچھے کیے مگر چوتھے میں17 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، ٹی ٹوئنٹی کے سب سے کامیاب بولر سعید اجمل کی واپسی کیلیے انور کو ڈراپ کرنا پڑے گا، پہلے میچ میں حفیظ اور شاہدآفریدی نے عمدہ بولنگ کی، سعید کی شمولیت سے اسپن اٹیک مزید مضبوط بن جائے گا، کپتان محمد حفیظ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ میں شکست کے باوجود ہم ہمت نہیں ہارے، قسمت نے ایک بار پھر ہمارا ساتھ نہ دیا، کھیل رکنے تک ہم عمدگی سے ہدف کی جانب رواں تھے، مگر موسم پر ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے۔

انھوں نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز برابر کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ نے یو اے ای کے بعد اب ہوم گرائونڈ پر بھی حریف پر کلین سوئپ کی جانب نگاہیں مرکوز کر لی ہیں، پہلے میچ میں کوائنٹن ڈی کک اور ہاشم آملا نے ٹیم کو 7.5 اوورز میں 72 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا، کپتان کو ایک بار پھر ان سے اسی کارکردگی کی امید ہے،3رنز پر بولڈ ہونے والے بیٹسمین ہنری ڈیوڈز کو ڈومیسٹک میچ کیلیے ریلیز کر دیا گیا، ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز کی شمولیت متوقع ہے، کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ٹیم کی آئندہ سال شیڈول ورلڈکپ کیلیے تیاریاں درست سمت میں گامزن ہیں، ہم جن میچز میں اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر سکے وہ بھی جیت رہے ہیں، یہ کسی اچھی سائیڈ کی علامت ہوتی ہے۔ پروٹیز اس میچ کے بعد آئندہ سال مارچ میں آسٹریلیا سے مختصر طرز کے میچز کھیلیں گے، کپتان سال کا اختتام فتح کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔