برسبین ٹیسٹ کینگرو بولرز نے انگلینڈ کی تباہی کا ٹریگر دبا دیا

جانسن کی 4 وکٹیں، 159 کی برتری لینے والی آسٹریلوی سائیڈ کے بغیر وکٹ گنوائے 65 رنز، 224کی مجموعی سبقت


Sports Desk/AFP November 23, 2013
برسبین: پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جونسن انگلش بیٹسمین مائیکل کیربری کی وکٹ حاصل کرنے پر خوشی سے بے قابو۔ فوٹو: اے ایف پی

WASHINGTON: برسبین ٹیسٹ میں کینگرو بولرز نے انگلینڈ کی تباہی کا ٹریگر دبا دیا، پہلی اننگز میں 136پر ڈھیرہونے والی مہمان ٹیم نے9رنز کے دوران 6 اہم وکٹیں گنوائیں۔

یہ ایشزکی تاریخ میں بیٹنگ کی تباہی کا ایک نمایاں واقعہ ہے، کوئی کھلاڑی نصف سنچری نہ بنا سکا، مائیکل کیربری 40 اور اسٹورٹ براڈ 32رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلوی لیفٹ آرم پیسر مچل جانسن نے 4اور ریان ہیرس نے 3 وکٹیں لیں، اسپنر ناتھن لیون نے مسلسل گیندوں پر 2پلیئرز کو پویلین بھیجا،159رنز کی برتری حاصل کرنے والی میزبان سائیڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے65 رنز بنا لیے، یوں مجموعی سبقت224 رنز ہو گئی، قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلی باری میں295رنز بنائے، بریڈہیڈن 6رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہیں کر سکے، براڈ نے 6 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق وولین گابا میں دوسرے روز انگلینڈ کو آسٹریلیا کی بقیہ 2وکٹوں کیلیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا، البتہ اس دوران مزید 22 رنز بن گئے، ریان ہیرس (9) اسٹورٹ براڈ کی چھٹی وکٹ ثابت ہوئے جبکہ بریڈ ہیڈن سنچری سے 6رنز قبل وکٹ گنوا بیٹھے،دوسرا رن مکمل کرتے ہوئے بروقت کریز تک پہنچنے سے قبل پرائر نے کیربری کے تھرو پر بیلز اڑا دیں۔

انھوں نے153 گیندوں پر8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ناتھن لیون 1 رن پر ناٹ آئوٹ رہے، کینگروز نے97.1 اوورز میں295 رنز اسکور کیے، پیسر براڈ نے81رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ جواب میں انگلینڈ کا اسکور ایک موقع پر الیسٹر کک کی وکٹ کھو کر55رنز تھا تاہم اچانک بیٹنگ لائن تباہ ہو گئی،کپتان 13رنز پر وکٹوں کے عقب میں ہیڈن کا کیچ بنے، کامیاب بولر ریان ہیرس تھے، جوناتھن ٹروٹ نے10رنز پر ہیڈن کو کیچ دے کر جانسن کو پہلی وکٹ کا تحفہ دیا،کیریئر کا 100ٹیسٹ کھیلنے والے کیون پیٹرسن کا 8رنز پر سڈل نے مشکل ریٹرن کیچ چھوڑ دیا مگر وہ18رنز پر ہیرس اور بیلی کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بن گئے، مائیکل کیربری کو جانسن نے کئی شارٹ پچ گیندوں سے پریشان کیا،وہ 40رنز بنا کر دوسری سلپ میں واٹسن کوکیچ دے بیٹھے۔



اگلے اوور میں اسپنر لیون نے انگلینڈ کو کاری ضرب لگائی، ای ین بیل (5) شارٹ لیگ پر اسمتھ کا کیچ بن گئے، اگلی ہی گیند پر میٹ پرائر بھی اسی انداز میں رخصت ہوگئے، کیچ کی تصدیق کیلیے تھرڈ امپائر سے مدد لی گئی، جوائے روٹ (2) کو جانسن نے شکار کیا، اس بار سلپ میں موجود اسمتھ نے تیسرے کیچ کا جشن منایا،پیسر نے گریم سوان کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر واپس بھیجا، کیچ بیلی نے وصول کیا، یوں مہمان ٹیم کا اسکور 8وکٹ پر 91 ہو گیا اور9رنز کے دوران 6 وکٹیں گریں، اپنی محنت مٹی میں ملتی دیکھ کر اسٹورٹ براڈ غمگین نظر آئے، انھوں نے کرس ٹریملٹ کی مدد سے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

وہ آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے سب سے آخری پلیئر ثابت ہوئے، براڈ (32) سے قبل ٹریملٹ8رنز پر رخصت ہوئے، وکٹیں بالترتیب ہیرس اور سڈل کے نام درج ہوئیں، جیمز اینڈرسن 2رنز پر ناٹ آئوٹ واپس گئے، ٹیم نے52.4اوورز میں136رنز پر ہتھیار ڈالے، میزبان کو159رنز کی بھاری برتری مل گئی،دوسری اننگز میں اوپنرز کے عمدہ کھیل نے اس کی پوزیشن مزید مستحکم بنا دی، کھیل ختم ہونے پر کرس روجرز 15اور ڈیوڈ وارنرز 45 پر ناقابل شکست رہے،آسٹریلیا نے22 اوورز میں وکٹ کھوئے بغیر65 رنز اسکور کیے تھے،اس کی مجموعی سبقت224 رنز ہوگئی جبکہ تمام 10وکٹیں باقی ہیں، انگلش سائیڈ کیلیے میچ میں واپسی انتہائی مشکل دکھائی دیتی ہے۔