پاک آرمی کی جانب سے بدین میں مفت طبی کیمپ لگایا گیا

متعدی و دیگر امراض میں مبتلا 2500 مریضوں کا معائنہ، مفت ادویہ فراہم کی گئیں


Numainda Express November 23, 2013
ضلع بدین کے مختلف دیہات میں پاک آرمی کے مفت طبی کیمپ میں مریضوں کو ادویہ دی جارہی ہیں ۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

پاکستان آرمی حیدرآباد گیریژن کی جانب سے ضلع بدین کے شہروں ٹنڈو باگو اور شادی لارج کے دیہات میں متعدی امراض کے متاثرین کے لیے 2 روزہ مفت آرمی میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طبی کیمپ میں آرمی کے تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹروں نے بخار، کھانسی، زکام، نزلہ، خسرہ، خون کی کمی، سانس کی بیماری، تیزابیت اور جلدی امراض سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا 2500 مریضوں کا طبی معائنہ کر کے انھیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔



جبکہ 300 سے زائد بچوں کو انسداد پولیو اور خسرہ کی ویکسین دی گئیں۔ کمانڈر لاگ 18 ڈیویژن کرنل نصر حیات نے مفت آرمی کیمپ کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر تنویر احمد نے طبی کیمپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔