کیپ ٹاؤنپاکستان کا جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

جیت کیلیے بے چین ہیں (محمد حفیظ)حریف سائیڈ کیخلاف کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلیے پُراعتماد ہیں، پروٹیز کوچ


Sports Desk November 24, 2013
ٹوئنٹی20 سیریز کی برابری کے بعد جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی اور پاکستانی قائد محمد حفیظ کا ٹرافی تھامے پوز.

جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان تین ون ڈے میچز پرمشتمل سیریز کا آغاز آج سے ہورہا ہے، کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے جہاں دوسرے ٹوئنٹی 20 میں فتح سے جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل ناکامیوں کا راستہ روکا وہیں ان کے حوصلے ون ڈے سیریز کیلیے بلند ہوچکے ہیں، کیپ ٹائون میں پاکستانی بیٹسمینوں عمر اکمل اور محمد حفیظ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اب اسی وینیو پر دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جا رہا ہے۔

دونوں ہی ٹیمیں ورلڈ کپ 2015 کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں کمبی نیشنز کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ گرین شرٹس نے کبھی جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں جیتی ، حال ہی میں اسے یو اے ای میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب مختصر سیریز میں پاکستان کو تاریخ کا رخ موڑنے کا نادر موقع فوری طور پر میسر آگیا، کپتان مصباح الحق کیلیے بدستور بڑا مسئلہ اپنی بیٹنگ لائن کو یکدم ڈھیر ہونے سے بچانا ہے، وہ ویسے ہی کہہ چکے کہ تنہا بیٹنگ کا بوجھ اٹھاتے ہوئے تھک چکے ہیں۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کو رواں برس سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمین کا اعزاز روہت شرما سے واپس چھیننے کے لیے صرف 24 رنز درکار ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ روہت شرما نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ مصباح پورے کیریئر میں ایک روزہ فارمیٹ میں سنچری کا مزہ نہیں چکھ پائے، ٹوئنٹی 20 میں ون ڈائون پوزیشن پر محمد حفیظ نے ففٹی جڑی، اگرون ڈے میں انھیں بطور اوپنر کھلایا گیا تو پھر دوسری اوپننگ جگہ پر احمد شہزاد کو موقع مل سکتا ہے۔



اسد شفیق اور عمر امین کے درمیان بھی مقابلہ ہے، بولنگ ڈپارٹمنٹ میں محمد عرفان کی جگہ بلاول بھٹی کھیلیں گے۔ نائب قائد محمد حفیظ نے ایک روزہ میچز میں بھی فتوحات کا عزم ظاہر کیا ہے، انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوچکے، وہ ون ڈے میں بھی فتح کے لیے بے چین ہیں، دوسری جانب جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے آل رائونڈر جیک کیلس کوٹیم میں شامل کیا ہے، انھیں 50 اوورز کے میچز کھیلے ہوئے 21 ماہ بیت چکے ہیں، کیلس کے لیے فاف ڈو پلیسی کو جگہ خالی کرنا پڑی جن کی ہفتے کے روز شادی ہوئی ہے۔ کیلس نہ صرف تیسری پوزیشن پر بیٹنگ بلکہ پانچویں فاسٹ بولر کا بھی کردار نبھائیں گے۔

گریم اسمتھ کی شرکت بھی یقینی نہیں ہے، وہ یو اے ای میں2 ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد سر میں تکلیف کی وجہ سے وطن واپس لوٹ آئے تھے ،اسمتھ اب مکمل فٹ ہوچکے،اگر انھیں نہیں کھلایا گیا تو پھر ہاشم آملا کے ساتھ کونٹین ڈی کک کی اوپننگ کا امکان روشن ہے۔ ڈیل اسٹین واحد جنوبی افریقی بولر ہیں جنھوں نے اس برس ون ڈے میچ میں ایک بار پانچ یا اس سے زائد وکٹوں کا اعزاز حاصل کیا، پاکستان کی جانب سے سعید اجمل اور شاہد آفریدی دونوں ہی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ ایک روزہ مقابلوں میں حریف سائیڈ کے خلاف کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پُراعتماد ہیں۔