شکست کا خوف انگلینڈ کی آنکھوں سے جھلکنے لگا

پہلے ایشز ٹیسٹ میں فتح کیلیے مزید 537 رنز درکار، 2 روز اور8 وکٹیں باقی، آسٹریلیا کے وارنر اور کلارک کی سنچریاں


AFP/Sports Desk November 24, 2013
برسبین ٹیسٹ: انگلینڈ کیخلاف سنچری کی تکمیل پر آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو: اے ایف پی

شکست کا خوف انگلینڈ کی آنکھوں سے جھلکنے لگا، پہلے ایشز ٹیسٹ میں فتح کیلیے اسے اختتامی 2 روز میں8 وکٹوں کی موجودگی میں مزید537رنز بنانے ہوں گے۔

اس ٹارگٹ کا حصول دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن کیلیے بھی ممکن نہیں لگتا، میزبان نے تیسرے دن کا اختتام2وکٹ پر 24رنز پر کیا، قبل ازیں آسٹریلیا نے7 وکٹ پر401رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر کے انگلش سائیڈ کو 561 کا ہدف دیا، سنچریاں بنانے والے ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک نے تیسری وکٹ کیلیے اسکور میں158رنز کا اضافہ کیا، بریڈ ہیڈن نے ففٹی بنائی، لنچ سے قبل بارش کی وجہ سے 15منٹ کا کھیل ضائع ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وولین گابا میں تیسرے روز صرف2رنز کے اضافے سے پہلی آسٹریلوی وکٹ گر گئی، کرس روجرز 16کے انفرادی اسکور پر کیربری کے ہاتھوں جکڑے گئے، جس وقت براڈ نے انھیں شکار کیا ٹیم نے67رنز بنائے تھے، شین واٹسن کی اننگز 6 رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، انھوں نے ٹریملٹ کی گیند براڈ کے ہاتھوں میں پہنچا کر رخت سفر اختیار کیا، انگلینڈ کی یہ خوشیاں عارضی ثابت ہوئیں، ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک کی عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم بنا دی۔

 



دونوں نے مہمان بولرز کا اعتماد سے سامنا کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلیے 158رنز کی شراکت بنائی، وارنر124 کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد رخصت ہوئے، براڈ کی گیند بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئی پرائر کے گلوز میں محفوظ ہوئی،وکٹ کیپر نے ٹریملٹ کی بولنگ پر اسٹیون اسمتھ (صفر) کا کیچ بھی سنبھالا، کلارک نے جارج بیلی کے ساتھ اسکور294تک پہنچایا،سوان نے حریف کپتان کو بولڈ کر کے 52 رنز کی شراکت توڑی، کلارک نے113 رنز بنائے،اسپنر نے کچھ دیر بعد بیلی (34) کی بھی بیلز اڑا دیں، انگلینڈ نے حاوی ہونے کا یہ موقع بھی گنوا دیا،بریڈ ہیڈن اور مچل جانسن ایک بار پھر درد سر بن گئے، دونوں نے ساتویں وکٹ کیلیے 90رنز کی پارٹنر شپ بنائی، ٹریملٹ کی تیسری وکٹ بننے سے قبل ہیڈن نے53رنز بنائے، کیچ اینڈرسن نے وصول کیا۔

آسٹریلیا نے94اوورز میں 7 وکٹ پر401رنز بنا کر دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، جانسن 39 اور پیٹر سڈل 4 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، آسٹریلیا نے اسپنر سوان کو ٹارگٹ کرتے ہوئے ان کی بولنگ پر135رنز بٹورے، براڈ نے بھی 2وکٹیں حاصل کیں۔561 رنز کے مشکل ترین ہدف کو دیکھ کر انگلش بیٹسمینوں کے اوسان خطا ہو گئے، مائیکل کیربری کو ہیرس نے صفر پر بولڈ کر دیا، جوناتھن ٹروٹ نے 9 رنز پر وکٹ گنوائی، جانسن کی گیند کو پُل کرنے والے اوپنر کا ڈیپ اسکوائر لیگ پر لیون نے کیچ تھاما،15اوورز کے کھیل میں ٹیم نے2وکٹ پر 24رنز اسکور کیے، کپتان الیسٹر کک11 اور کیون پیٹرسن 3 رنز پر ناٹ آئوٹ واپس لوٹے، میزبان کو مزید 537رنز درکار اور8 وکٹیں باقی ہیں،2روز کا کھیل ابھی ہونا ہے ایسے میں شکست سے بچنا انگلینڈ کیلیے انتہائی مشکل ثابت ہو گا۔