پرامید جیون ساتھی آپ کی دماغی صحت بھی اچھی رکھتا ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  پير 24 فروری 2020
شوہر کی پرامید سوچ کا فائدہ بیوی کو بھی ہوتا ہے اور بیوی کی پرامید سوچ، شوہر کی ذہنی صلاحیتیں بہتر بناتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

شوہر کی پرامید سوچ کا فائدہ بیوی کو بھی ہوتا ہے اور بیوی کی پرامید سوچ، شوہر کی ذہنی صلاحیتیں بہتر بناتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

مشی گن: امریکا میں کیے گئے ایک 8 سالہ مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر کسی فرد کا جیون ساتھی پُرامید رہنے والا ہو تو خود اس فرد کی اپنی ذہنی کیفیت بھی اچھی رہتی ہے جبکہ سیکھنے سے متعلق اس کی صلاحیتیں (اکتسابی صلاحیتیں) بھی بخوبی کام کرتی رہتی ہیں۔

آسان الفاظ میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ اگر شوہر کی سوچ پرامید ہو تو اس کا فائدہ بیوی کو بھی ہوتا ہے جبکہ بیوی کی پرامید سوچ، شوہر کے ذہن اور اکتسابی صلاحیتوں کو بہتر بناتی ہے۔

مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں یہ مطالعہ 4,457 امریکی جوڑوں پر کیا گیا جن کی عمریں 50 سال یا اس سے زیادہ تھیں۔ مطالعے کی ابتداء سے لے کر اختتام تک، دو سال کے وقفے سے ان جوڑوں میں شوہر اور بیوی، دونوں سے اُمید اور رجائیت پسندی جانچنے کے لیے سوال نامے پُر کروائے گئے۔ ان کے ساتھ ساتھ بھروائے گئے ایک اور سوال نامے کا مقصد ان میں ذہنی صحت، بالخصوص سیکھنے کی صلاحیت کا تجزیہ کرنا تھا۔

آٹھ سال کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار اور نتائج سے یہ بات واضح ہوئی کہ اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک بھی پُرامید ہو تو دوسرے کی ذہنی صحت بھی اچھی دیکھی گئی جبکہ اس نے ادھیڑ عمری کے باوجود بھی بہتر اکتسابی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اس مطالعے کی تفصیلات ’’جرنل آف پرسنیلٹی‘‘ کے ایک حالیہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ پرامید اور رجائیت پسند جیون ساتھی کا دماغی صحت اور اکتسابی صلاحیتوں کی بحالی سے تعلق تو ہے لیکن اب بھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ آیا جیون ساتھی کا پرامید ہونا ہی اس کی وجہ ہے یا دیگر عوامل بھی اس معاملے میں اپنا اپنا کوئی کردار ادا کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔