ڈیفنس ٹریفک حادثے کے 2زخمی دوران علاج دم توڑ گئے

تیز رفتار ٹریلر سوزوکی اور موٹر سائیکلوں پر چڑھ دوڑا


Staff Reporter September 05, 2012
پیر کوبے قابو ٹریلر نے گاڑیوں کوکچل دیا تھا،ٹریلرکلینر گرفتار، مقدمہ بھی درج ۔ فوٹو فائل

ڈیفنس میں پیر کی شب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد میں سے سپاہی سمیت 2 افراد اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی شب ڈیفنس موڑ کے قریب سن سیٹ بلیوارڈ روڈ پر تیز رفتار ٹریلر سوزوکی اور موٹر سائیکلوں پر چڑھ دوڑا تھا جس سے مذکورہ تمام گاڑیاں تباہ ہوگئی تھیں جبکہ 6 افراد وجے ،سید زبیر ولد سید آفتاب ، محمد یامین ولد امیر خان ،محمد طاہر ولد عبدالکریم ، عدیل احمد ولد عقیل احمد اور سپاہی عالمگیر خان ولد گوجر خان زخمی ہوگئے تھے۔

زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، زخمیوں میں سے عدیل احمداور سپاہی عالمگیر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ،ڈیفنس پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹریلر کلینر کو گرفتار کرلیا ہے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔