پولیس اور رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں 96 ملزمان گرفتار

ملزمان قتل،اقدام قتل،بھتہ خوری اور ڈکیتی و رہزنی سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے،بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا


Staff Reporter November 25, 2013
رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 28 ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 96 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور ڈکیتی و رہزنی سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 28 ملزمان کو حراست میں لے لیا ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ رینجرز نے میراں ناکہ ، گلشن بونیر ، احسن آباد ، دائود چالی ، لانڈھی ، ایف سی ایریا ، گلشن غازی ، لیاری ، کورنگی ، کھوسہ گوٹھ ، بلوچ پاڑہ ، لائنز ایریا میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب متعدد مقامات پر چھاپے مارے جبکہ بلدیہ ٹائون ، ناظم آباد ، جوڑیا بازار اور فٹ بال اسٹیڈیم لیاری کے قریب اسنیپ چیکنگ کی ، ان تمام کارروائیوں کے نتیجے میں 28 افراد کو حراست میں لیا گیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار اور مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے ، ملزمان متعدد واردتوں میں مطلوب بتائے جاتے ہیں۔



علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق کراچی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 63 چھاپوں اور 3 پولیس مقابلوں کے بعد 68 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں 16 مفرور و اشتہاری ، 2 ٹارگٹ کلر ، 6 ڈکیت و رہزن اور ایک بھتہ خور بھی شامل ہیں جبکہ 16 افراد کو اسلحہ آرڈیننس ، 5 کو نارکوٹکس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 18 ہتھیار بھی برآمد کیے گئے جبکہ بڑی مقدار میں منشیات بھی ضبط کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں رینجرز حکام نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران طارق بلوچ ، عامر بلوچ ، نور محمد ، کاشف ، محمد آصف ، علی رضا ، محمد فاروق اور عبدالقادر کو حراست میں لے کر ملزمان کے قبضے سے مخلتف اقسام کے ہتھیار برآمد کرلیے ، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے مختلف گروپوں سے ہے۔