نوادرات کیس کے مرکزی ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر

کنٹینر کراچی سے راولپنڈی کے راستے سیالکوٹ کیلیے روانہ ہوا تھا


Staff Reporter September 05, 2012
پولیس نے 6جولائی کوسنگرچورنگی کے قریب کارروائی میں نوادرات سے بھراکنٹینر پکڑا تھا۔ فوٹو: رائٹرز

پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے 5 اور6جولائی کی درمیانی شب کورنگی کے علاقے سنگر چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نوادرات سے بھرا کنٹینر پکڑا تھا ۔

جس میں ڈرائیور اورکلینرکوگرفتارکیا گیا تھا ،مقدمے کے مرکزی ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں،کنٹینر کراچی سے راولپنڈی کے راستے سیالکوٹ کیلیے روانہ ہوا تھا کہ عوامی کالونی پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ،نوادرات کو گھانس پھونس کے ذریعے چھپایا گیا تھا ، پولیس نے دونوں ملزمان سے تفتیش کا آغاز کیا ۔

دوران تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر کچھ ہی دنوں بعد کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری میں گودام پر چھاپہ مار کر مزید درجنوں چھوٹی بڑی مورتیاں برآمد کی تھیں جس میں ایک ساڑھے آٹھ فٹ سے بھی زائد بلند مجسمہ بھی شامل تھا ، نوادرات میں اسٹیل کے برتن ، مجسمے ، مہاتما بدھ کی مورتیاں ، گھوڑے کی رکابیں اور دیگر اشیا بھی شامل تھیں ۔

ایسے نوادرات کی بغیر لائسنس خرید و فروخت پر 1975 کے ایکٹ کے تحت 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں ۔