دو حکومتی عہدیداروں کا عارضہ قلب اتفاق یا امریکی دباؤ کا اثر

نثار کے سخت موقف پرامریکی ردعمل ڈار اور سرتاج کوبرداشت کرنا پڑ رہاہے، حافظ حسین


Numainda Express November 25, 2013
دونوں اہم حکومتی عہدیدار امریکا کے ساتھ انتہائی اہم معاملات پر بات چیت میں مصروف کار ہیں۔فوٹو:فائل

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کی کابینہ کے دو اہم عہدیدار دل کے عارضے میں مبتلا ہوکر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے انجیو پلاسٹی اور انجیو گرافی کرا چکے ہیں، اتفاق ہے کہ دونوں اہم حکومتی عہدیدار امریکا کے ساتھ انتہائی اہم معاملات پر بات چیت میں مصروف کار ہیں۔

سیاسی حلقے ان کی صحت یابی کی دعا کیساتھ ساتھ ان کی بیماری کو بڑھتے ہوئے امریکی دبائوکا سائیڈ ایفکٹ قراردے رہے ہیں،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنماحافظ حسین احمد نے کہاکہ جب تک ہم اپنی ذات اورقوم پراعتمادکرنے کے بجائے غیروں سے امیدیں لگائے ان کی طرف دیکھتے رہیںگے،ڈالر اور ڈرون ہماری قوم اور ہماری وزیروں مشیروں پریوں ہی حملے کرتے رہیں گے،چوہدری نثار کے سخت گیر امریکا مخالف موقف پر امریکی ردعمل اسحاق ڈاراورسرتاج عزیز کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے،حافظ حسین احمد نے کہا کہ اسحاق ڈار نے تو نواز شریف کے دورہ امریکا سے پہلے ہی امر یکا کیساتھ نہ جانے کیا کیا وعدے کر لیے تھے۔



پرائی جنگ میں تعاون کے طور پر ہمارے وزیر خزانہ حق الخدمت کے طور پر ڈالر لے رہے ہیں مگر قوم نے کیا کھویا کیا پایا اس کی کسی کو کوئی فکر نہیں اور جہاں تک سرتاج عزیز کا معاملہ ہے، 84 سال ان کی عمر ہو چکی ہے، وہ اور طارق فاطمی ان کی مثال ایسے ہے کہ نہ منہ میں دانت نہ پیٹ میں آنت، اس عمر میں وہ کھویا ہی کھا سکتے ہیں لیکن انھیںاس بات کا خیال رکھناچاہیے کہ زیادہ کھویا کھانے سے طبیعت خراب بھی ہو سکتی ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی دوبوسیدہ بیساکھیوں کے سہارے گھسٹ رہی ہے، یہ دونوں بابے گزشتہ صدی میں ریٹائر ہو گئے تھے اب نواز شریف ان سے ناحق توقعات رکھے ہوئے ہیں ، انھوں نے نواز شریف کے دورہ امریکا کے دوران اپنے کرنے کا کام بھی وزیر اعظم پاکستان سے کرایا کہ وہاں سیکشن افسروں اور ڈپٹی سیکریٹریوں کے دفاتر کے دورے کراتے رہے، اوباما سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو پرچیاں پکڑا دیں، ان پر بھی قیمہ دال کی فرمائش درج تھی، میاں صاحب کو خود ذمے داریاں سنبھالنی چاہئیں، ریٹائرڈ بابوئوں کو آئے روز انجیو گرافیاں اور انجیو پلاسٹیاں کرانے کی تکلیف سے نجات دلائیں۔