اسٹارز کے بغیر ٹوئنٹی20کرکٹ میلہ کل سجے گا

لاہور میزبان،7روزہ ڈومیسٹک ایونٹ میں11ڈپارٹمنٹل ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی


Sports Reporter November 26, 2013
آخری مقابلہ فلڈلائٹس میں ہوگا،فاتح ٹیم20اوررنرزاپ10لاکھ روپے کی حقدار ہوگی،پلیئرزکوانفرادی انعامات بھی دیے جائیں گے،سبحان ودیگرکی پریس کانفرنس ۔ فوٹو : ریاض احمد/ ایکسپریس

اسٹارزکے بغیر ٹوئنٹی 20 کرکٹ میلہ بدھ سے لاہور میں سجے گا۔

7روزہ ڈومیسٹک ایونٹ میں11ڈپارٹمنٹل ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی،قذافی اسٹیڈیم میں روزانہ3 اور 2 ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، آخری مقابلہ مصنوعی روشنیوں میں ہوگا،فاتح ٹیم 20 لاکھ اور رنرز اپ10لاکھ روپے کی حقدار ہوگی، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے50،50 ہزار روپے کے انفرادی انعامات بھی دیے جائیں گے، ان تفصیلات کا اعلان پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد و دیگر نے پریس کانفرنس مے کیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ نے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی تھی لیکن 27نومبر سے شروع ہونے والا ایونٹ پاکستان ٹیم کی جنوبی افریقہ میں مصروفیات کے سبب اسٹار کرکٹرز سے محروم رہے گا،گرین شرٹس ون ڈے سیریز کا آخری میچ 30نومبر کو کھیل کر واپس آئیں گے، یوں صرف ان کھلاڑیوں کو لاہور میں ایکشن میں آنے کا موقع ملے گا جن کی ٹیمیں سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرچکی ہوں، شائقین کی عدم دلچسپی ابتدائی مقابلوں کا حسن گہنا سکتی ہے۔لاہور میں شیڈول ایونٹ کیلیے 11ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں نیشنل بنک، کے آرایل، اسٹیٹ بینک، پی آئی اے،یونائیٹڈ بینک اور پی ٹی وی شامل ہیں۔

پول بی میں حبیب بینک، پورٹ قاسم اتھارٹی، سوئی ناردرن گیس کمپنی، واپڈا اور زرعی ترقیاتی بینک کو جگہ ملی ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں روزانہ3میچز کھیلے جائیں گے، پہلا مقابلہ 9:30، دوسرا1:15 اورتیسرا مصنوعی روشنیوں میں5:00 بجے شروع ہوگا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پہلے مقابلے کا آغاز 9:30 دوسرے کا 1:15بجے ہوگا ہے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز قذافی اسٹیڈیم میں نیشنل بینک اور پی ٹی وی، پی آئی اے اور کے آر ایل، زرعی بینک اور سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، ایل سی سی اے گراؤنڈ میں یو بی ایل کا میچ اسٹیٹ بینک جبکہ واپڈا کا حبیب بینک سے ہوگا۔ 28نومبر کو سوئی ناردرن گیس اور پورٹ قاسم جبکہ اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرے وینیو پر یو بی ایل کا کے آرایل، پی آئی اے کا نیشنل بینک اور حبیب بینک کا زرعی بینک سے ٹکراؤ ہوگا۔



اگلے روز واپڈا اور زرعی بینک، نیشنل بینک اور یو بی ایل، پورٹ قاسم اور حبیب بینک، پی آئی اے اور پی ٹی وی کی ٹیمیںبرتری کی جنگ لڑیں گی۔ 30نومبر کو کے آر ایل کو نیشنل بینک، پی آئی اے کو اسٹیٹ بینک کا چیلنج درپیش ہوگا، واپڈا کو سوئی ناردرن گیس، زرعی بینک کو پورٹ قاسم، یو بی ایل کو پی ٹی وی کا سامنا کرنا ہوگا۔ گروپ میچز کے آخری روز پی آئی اے اور یو بی ایل ، پی ٹی وی اور کے آر ایل کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، نیشنل بینک اور اسٹیٹ بینک، پورٹ قاسم اور واپڈا، حبیب بینک اورسوئی ناردرن گیس کے میچ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ دونوں سیمی فائنلز 2 دسمبر کو ہوں گے،ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن معرکہ اگلے روز قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹرز کی صلاحیتوں کا امتحان لے گا۔ایونٹ کی فاتح ٹیم 20 لاکھ اور رنرز اپ 10لاکھ روپے کی حقدار ہوگی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا ہے کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے انفرادی انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،انھوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹار کرکٹرز بھی جنوبی افریقہ سے واپسی کے بعد ایونٹ کی رونق بڑھائیں گے۔لوگو رونمائی کی تقریب کے دوران ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ قومی ایونٹ کا شیڈول طے کیا گیا تو پاکستان ٹیم کی پروٹیز سے حالیہ سیریز کا کوئی وجود نہیں تھا، یو اے ای میں میچز کے دوران اچانک پروگرام تشکیل دیے جانے کے بعد قومی مقابلے بروقت کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مصباح الحق سمیت کئی کھلاڑی پہلے بھی انٹرنیشنل ٹور مکمل کرتے ہی ڈومیسٹک مقابلوں کیلیے ایئر پورٹ سے سیدھے اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے،اس بار بھی ان کی سیمی فائنلز سے قبل واپسی کی امید رکھی جاسکتی ہے۔