ناصر جمشید کی خراب فارم پاکستان کیلیے دردِ سر بن گئی

اوپنر نے آخری 21 میچز میں 460 رنز اسکور کیے،صرف2 نصف سنچریاں ہی بنا سکے


Sports Desk November 26, 2013
ناصر جمشید نے کیریئر کا آغاز تو عمدگی سے کیا مگر آہستہ آہستہ کھیل روبہ زوال ہوتا رہا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ناصر جمشید کی خراب فارم پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کیلیے درد سر بن گئی، یو اے ای میں محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی جانب سے اچھے آغاز کے باوجود جوڑی توڑ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو طویل عرصے سے کوئی اچھا اوپننگ پیئر نہیں مل سکا، ناصر جمشید نے کیریئر کا آغاز تو عمدگی سے کیا مگر آہستہ آہستہ کھیل روبہ زوال ہوتا رہا، اب نوبت یہ آ چکی کہ آخری 21 میچز میں وہ صرف2 نصف سنچریاں ہی بنا سکے ہیں، انھوں نے اس دوران21.90 کی معمولی اوسط سے460 رنز اسکور کیے، اسے ہرگز کسی اوپنر کے شایان شان کارکردگی قرار نہیں دیا جا سکتا، ٹیم مینجمنٹ ناصر سے خاصی نالاں ہے۔



یو اے ای میں پروٹیز کیخلاف وہ صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اگلے میچ میں ایک ہی رن بنا سکے، اتوار کو پہلے ون ڈے میں بھی ان کی اننگز 24رنز سے آگے نہ بڑھ سکی، وہ اسٹروکس جو ان کا خاصا ہوا کرتے تھے اب نظر ہی نہیں آتے۔ یو اے ای سیریز میں پاکستان نے 3 میچز میں احمد شہزاد کے ساتھ اوپننگ کے لیے محمد حفیظ کو بھیجا، انھوں نے 50،74اور8کی شراکت فراہم کی مگر محمدحفیظ بھی ورلڈنمبرون ٹیسٹ ٹیم کے خلاف جدودجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں، آخری 5 اننگز میں انھوں نے 28، 26، 15، 33 اور6 رنز بنائے، پروٹیز پیسر ڈیل اسٹین تو محمدحفیظ کے دشمن نمبر ایک ہیں، انھوں نے کئی بار پاکستانی اوپنر کو پویلین بھیجا، اب تو وہ انھیں آؤٹ کر کے خوشی کا اظہار بھی نہیں کرتے۔