گندم بحران پر جہانگیر ترین اور خسرو بختیار سے جواب طلب

وفاقی حکومت ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور فلور ملز ایوسی ایشن سے بھی جواب طلب


ویب ڈیسک March 02, 2020
عدالت گندم بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن بنائے، درخواست گزار کا موقف فوٹو: فائل

لاہور: ہائی کورٹ نے ملک میں گندم کے بحران کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر وفاقی حکومت ، وزیر اعلیٰ پنجاب، جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملک میں گندم بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت کی۔

طاہر محمود نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی و پنجاب حکومت، ڈی جی ایف آئی اے، وفاقی وزیر خسرو بختیار اور جہانگیر ترین سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ گندم کے بحران کی وجہ سے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ، عدالت گندم بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے جوڈیشل کمیشن بنائے، جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ گندم بحران کی وجہ سے کس کو فائدہ ہوا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ وفاقی حکومت ، وزیر اعلیٰ پنجاب، فلور ملز ایوسی ایشن، ڈی جی ایف آئی اے، جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔