فردوس عاشق اعوان کی مبینہ توہین آمیز بیان پر الیکشن کمیشن سے معافی

میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی، فردوس عاشق اعوان


ویب ڈیسک March 02, 2020
میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے مبینہ توہین آمیز بیان پر معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فردوس عاشق اعوان کے توہین آمیز بیان کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت کی۔

معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جواب جمع کرایا جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی، اگر الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ میں نے توہین کی ہے تو غیر مشروط معافی مانگتی ہوں۔

درخواست گزار خالد محمود نے کہا کہ میں فردوس عاشق اعوان کے توہین آمیز بیان کا ٹرانسکرپٹ اور سی ڈی الیکشن کمیشن میں جمع کراچکا ہوں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمیں فردوس عاشق اعوان کے بیان والی کوئی سی ڈی ہمیں موصول نہیں۔

درخواست گزار خالد محمود نے کہا کہ میں ویڈیو ٹرانسکرپٹ دوبارہ جمع کرا دوں گا۔ فردوس عاشق کے وکیل نے استدعا کہ درخواست گزار خالد محمود ان کی موکل کیخلاف توہین آمیز مواد نہیں دے سکے، لہذا درخواست خارج کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزار سے ویڈیو ٹرانسکرپٹ طلب کرتے ہوئے فروس عاشق اعوان کیخلاف درخواست پر سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔