کورونا وائرس راولپنڈی میں 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری اسپتالوں سے افرادی قوت کی تفصیلات طلب کرلیں


ویب ڈیسک March 02, 2020
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری اسپتالوں سے افرادی قوت کی تفصیلات طلب کرلیں فوٹو:فائل

کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے 100 بیڈز پر مشتمل اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورولوجی (آر آئی یو) کے ایک حصے میں کورونا اسپیشل یونٹ بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے 50 بستر آر آئی یو منتقل کردیے ہیں اور مزید 50 بستر کل پہنچا دیے جائیں گے جبکہ اسپتال کو آج ہی بڑی حد تک فعال کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں سے افرادی قوت کی تفصیلات طلب کرلی ہیں تاکہ عملے کی دستیابی کا جائزہ لیا جاسکے۔

وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے اسپتالوں میں عملہ کی تعیناتی سمیت نئی بھرتیاں بھی کی جاسکتی ہے۔ وزارت صحت نے ماسک کی کمی کو پوراکرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خواہشمند کمپنیوں کو ماسک کی تیاری کا لائسنس جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے چار مریض سامنے آچکے ہیں تاہم وزارت صحت کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ چاروں مریض صحتیاب ہورہے ہیں۔