ایان علی کی سوشل میڈیا پر ڈرامائی واپسی

ویب ڈیسک  منگل 3 مارچ 2020
ایان علی کو 2015 میں ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتےہوئے گرفتار کیاگیا تھا فوٹوفائل

ایان علی کو 2015 میں ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتےہوئے گرفتار کیاگیا تھا فوٹوفائل

دبئی: ڈالر گرل کے نام سے مشہور پاکستان کی سپر ماڈل ایان علی نے طویل عرصے بعد سوشل میڈیا پر ڈرامائی انداز میں واپسی کی ہے اور اس کے ساتھ اپنے نئے پراجیکٹ کے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کیا ہے۔

منی لانڈرنگ کیس کی ملزم ایان علی نہ صرف گزشتہ چار برسوں سے بیرون ملک مقیم ہیں بلکہ سوشل میڈیا سے بھی دور ہیں تاہم دوسال بعد اچانک ایان علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ڈرامائی واپسی کی ہے۔ ایان علی نے سوشل میڈیا پر تین روز قبل اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اورلوگوں سے ان کا حال چال پوچھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایان علی کو گرفتار کرنے کا حکم

اس کے بعد ایان علی نے ایک اور پوسٹ کی اوراپنے 5 سال قبل ریلیز کے گئے گانے’’ارتھ کوئک‘‘کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میرا 5 سال قبل ریلیز کیا گیا گانا آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہے۔ اس گانے کے ساؤنڈ کلاؤڈ پر 30 ملین سے زائد اور یوٹیوب پر 15 ملین سےزائد ویوز ہیں۔

ایان علی نے مزید کہا 2009 سے لے کر اب تک آپ لوگوں نے مجھے بہت پیار دیا اور میری دعا ہے کہ یہ پیار ہر گزرتے دن کے ساتھ اسی طرح بڑھتا رہے۔ ایان علی نے اپنے پراجیکٹس کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ میں آج کل بہت ساری چیزوں پر کام کررہی ہوں جو بہت جلد منظر عام پر آئیں گی۔ یاد رہے اس سے قبل ایان علی نے سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ دوسال قبل 2018 میں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  ایان علی کا اپارٹمنٹ ضبط   

واضح رہے کہ ایان علی کو  14 مارچ 2015 کو اسلام آباد بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتےہوئے گرفتار کیاگیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہاکیا جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئیں لیکن درجنوں بار طلبی کے باوجود ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے باعث ایان علی کو اشتہاری  قرار دیا جا چکا ہے اور ان کا اپارٹمنٹ بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔