2020 اولمپکسجاپان اسٹیڈیم کا رقبہ کم کرنے پر مجبور

عمارت پر علاقے کی دیگر بلڈنگز سے زیادہ بلند ہونے پر اعتراض سامنے آنے پر فیصلہ


Sports Desk/AFP November 27, 2013
عمارت کا فلور ایک چوتھائی سے 220 ہزار اسکوائر میٹر تک کم کیا جائیگا۔۔فوٹو:فائل

بڑھتی ہوئی تنقید پر جاپان 2020 اولمپکس اسٹیڈیم کے رقبے کو کم کرنے پر مجبور ہوگیا، اسٹیڈیم کی عمارت پر علاقے کی دیگر بلڈنگز سے زیادہ بلند ہونے پر اعتراض کیا جارہا تھا جہاں اونچائی کی حد 15 میٹر تک مقرر ہے، ایریا کم کرنے سے لاگت میں تقریباً 1.8 بلین ڈالر کی بچت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق جاپانی اسپورٹس آفیشلز 2020 اولمپکس اسٹیڈیم کے بہت بڑے رقبے اور کثیر لاگت پر ہونے والے اعتراضات کے بعد عمارت کا ایریا کم کرنے پر مجبور ہوگئے۔ لندن میں مقیم عراقی آرکیٹکٹ زاہا حدید کا ڈیزائن کردہ مجوزہ اسٹیڈیم مغربی ٹوکیو میں ایک ایسی جگہ قائم ہونے والا ہے جہاں نیشنل اسٹیڈیم ، کئی پارکس اور ایک بڑا شنتو مقبرہ موجود ہے۔ سائیکل اور ہیلمٹ کی طرز پر بنائے جانے والے مستقبل کے فن تعمیر 70 میٹر بلند اسٹیڈیم پر اعتراضات ہیں کہ وہ علاقے کی دیگر بلڈنگوں سے زیادہ بلند ہے،وہاں اونچائی کی حد 15 میٹر تک مقرر ہے اور وہ جاپانی دارالحکومت میں ہر جگہ سے دیکھا جاسکے گا۔ موجودہ اور مستقبل کے اسٹیڈیم کی انچارج جاپان اسپورٹ کونسل نے اعلان کیا کہ وہ عمارت کا فلور ایک چوتھائی سے 220 ہزار اسکوائر میٹر تک کم کریں گے۔



جاپانی میڈیا نے بتایا کہ اس کمی کی وجہ سے لاگت میں تقریباً 1.8 بلین ڈالر کی بچت ہوگی، آفیشلز نے دوبارہ لاگت کا تخمینہ جاری نہیں کیا۔ جے ایس سی آفیشل نے نئے بلو پرنٹ منظور کرنے والے ماہرین کے پینل کو بتایا کہ ہم اب بھی زاہا حدید کا ڈیزائن استعمال کررہے ہیں ، ہم نے اس کی ڈاؤن سائزنگ کا منصوبہ بنایا ہے۔ کم کی گئی لاگت اب بھی حکومت کی نئے اسٹیڈیم کے لیے ابتدائی تخمینے سے تقریباً 40 فیصد زیادہ ہے۔ آفیشل نے کہاکہ عمارت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی شرائط پر پورا اترے گی جس میں 80 ہزار افراد کی نشستوں، ایک سمٹنے والی چھت اور مختلف اسپورٹنگ ایونٹس کے لیے سہولتیں شامل ہیں۔ اونچائی کا تخمینہ تبدیل نہیں ہوسکے گا، جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کو ٹوکیو کے پورے مغرب بشمول نیشنل شنجوکو گیون پارک سے بھی دیکھا جاسکے گا۔ تعمیر ہونے والا کمپلیکس موجودہ 54 ہزار نشستوں والے اسٹیڈیم کی جگہ لے گا جسے 1964 ٹوکیو اولمپکس کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اس میں 2019 رگبی ورلڈ کپ بھی منعقد ہوگا۔