بلدیاتی اداروں میں سیاسی ناظمین کی تقرری قبول نہیںنادر لغاری

تحریک انصاف جنرل الیکشن سے قبل فیصلے پر شدید مزاحمت کریگی،اجلاس سے خطاب۔


Staff Reporter September 05, 2012
تحریک انصاف جنرل الیکشن سے قبل فیصلے پر شدید مزاحمت کریگی،اجلاس سے خطاب فوٹو:فائل

تحریک انصاف سندھ نے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2012 پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی ایڈمنسٹریٹروں کی تعیناتی سے آئندہ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے منگل کو صوبائی سیکریٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سندھ کے جنرل سیکریٹری حفیظ الدین ایڈووکیٹ، کراچی کے صدر اشرف قریشی، سبحان علی ساحل، مرکزی رہنمائوں عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

نادر اکمل خان لغاری نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کے سیاسی حق پر ڈاکہ ڈال کر من پسند ایڈمنسٹریٹرز کی ملی بھگت سے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے تاکہ ایک بار پھر اپنی کرپشن کا مینار بنایا جاسکے، تحریک انصاف جنرل الیکشن سے قبل اس قسم کے فیصلے پر شدید مزاحمت کرے گی، ایسے فیصلے کبھی بھی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے بہتر مستقبل کیلیے نہیں ہوتے۔

انھوں نے کہا کہ جنرل الیکشن سے قبل اس قسم کے نظام حکومت کو مسترد کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ حکومت کو الیکشن سے فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا، ایس ایل او جی2012 کو جنرل الیکشن سے قبل مسترد کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔